انگلینڈ کے گالفر ٹائرل ہیٹن نے ایل آئی وی انڈالیسیا گالف ٹورنامنٹ جیت لیا۔ بی بی سی کے مطابق ٹائرل ہیٹن نے آخری رائونڈ میں 1 انڈر پار 70 کا کارڈ کھیل کر 2 شاٹس کی شاندار برتری کے ساتھ ٹائٹل جیت لیا ہے
انگلینڈ کے ٹائرل ہیٹن نے ایل آئی وی انڈالیسیا گالف ٹورنامنٹ جیت لیا
میڈرڈ۔8جون (اے پی پی):انگلینڈ کے گالفر ٹائرل ہیٹن نے ایل آئی وی انڈالیسیا گالف ٹورنامنٹ جیت لیا۔ بی بی سی کے مطابق ٹائرل ہیٹن نے آخری رائونڈ میں 1 انڈر پار 70 کا کارڈ کھیل کر 2 شاٹس کی شاندار برتری کے ساتھ ٹائٹل جیت لیا ہے۔ رئیل کلب والڈیراما میں کھیلے گئے فائنل راؤنڈ میں اتار چڑھاؤ کے باوجودٹائرل ہیٹن نے 4 برڈیز اور 3 بوگیاں کیں، ٹائرل ہیٹن نے مجموعی طور پر 11 انڈر کے سکور کے ساتھ ٹور پر 3 سالوں میں اپنی دوسری فتح حاصل کی۔34 سالہ ٹائرل ہیٹن کے لیے یہ جیت اس لیے بھی خاص ہے کیونکہ گزشتہ ماہ ان کی اہلیہ ایملی کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش کے بعد یہ ان کا پہلا ٹورنامنٹ تھا۔ فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سچی بات یہ ہے کہ میں سوچ رہا تھا کہ آج کا دن جیسا بھی گزرے، مجھے رات کو گھر ہی جانا ہے جہاں ایک روتا ہوا نومولود بچہ میرا منتظر ہوگا اور مجھے اس کے نیپیز تبدیل کرنے ہوں گے۔دوسری جانب میزبان گالفر جان راحم نے فائنل راؤنڈ میں 5 انڈر 67 کا بہترین کارڈ کھیل کر مجموعی طور پر 9 انڈر کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔ وہ میکسیکو کے ابراہم اینسر سے 1 شاٹ اور اپنے ہم وطن سرجیو گارسیا سے 2 شاٹس آگے رہے۔ جنوبی افریقہ کے لوئس اوسٹوزین کمر کی تکلیف کے باعث فائنل راؤنڈ سے دستبردار ہو گئے تھے۔ ٹیموں کے مقابلے میں ٹائرل ہیٹن کی ٹیم ‘لیجن 13’ نے 7 انڈر کے سکور کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی اور ‘4 ایسز جی سی’ اور ‘ٹارک جی سی’ پر 6 شاٹس کی واضح برتری قائم کی۔









