مون سون بارشوں میں پنجاب حکومت کے اداروں کا پانی کے نکاس کا آپریشن تیز

مون سون بارشوں میں پنجاب حکومت کے اداروں نے پانی کے نکاس کا آپریشن تیز کر دیا ہے۔ستھرا پنجاب، واسا اور دیگر اداروں نے لاہور میں شدید بارش سے جمع پانی کی ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں نکاسی کا نیا ریکارڈ بنا دیا

لاہور۔23جولائی (اے پی پی):مون سون بارشوں میں پنجاب حکومت کے اداروں نے پانی کے نکاس کا آپریشن تیز کر دیا ہے۔ستھرا پنجاب، واسا اور دیگر اداروں نے لاہور میں شدید بارش سے جمع پانی کی ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں نکاسی کا نیا ریکارڈ بنا دیا۔وزیراعلی مریم نواز نے تمام متعلقہ اداروں اور عملے کو شاباش دی ہے۔ترجمان نے کہا کہ وزیراعلی مریم نوازشریف تمام صورتحال کی خود ڈیجیٹل مانیٹرنگ کررہی ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں لاہور میں 343 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،شدید بارش کے باوجود پانی جمع نہ ہونے پر شہریوں نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔موسلادھار بارشوں کے باوجود لاہور کے بیشتر چوراہوں، شاہراہوں اور انڈر پاسز میں پانی جمع نہیں ہونے دیا گیا۔

مال روڈ، کلب چوک، مین بلیوارڈ گلبرگ ، لبرٹی چوک، فیروز پور روڈ کے علاقوں میں جمع شدہ بارش کے پانی کی فوری نکاسی کی گئی،بنک سٹاپ ،قینچی سٹاپ اور فیروز پور روڈ پر بھی چند گھنٹے میں نکاسی آب کا ٹاسک مکمل کرلیا گیا،کریم بلاک اقبال ٹاون ، سمن آباد انڈر پاس اور ملحقہ علاقوں میں بھی نکاسی کے فوری بعد ٹریفک رواں دواں ہے۔نکاسی کے جدید نظام اور مون سون بارشوں کی جامع حکمت عملی کی وجہ سے شہریوں کو راستوں کی بندش سے بچایا گیا۔وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پرلاہور کے کمشنر ، ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز کے علاوہ واسا ،لوکل گورنمنٹ اور تمام متعلقہ اداروں کے افسران اور عملہ فیلڈ میں موجود ہیں۔