مون سون بارشوں کے دوران لیسکو ہائی الرٹ، فیلڈ عملہ اور افسران بجلی کی فوری بحالی کے لیے متحرک

لیسکو ریجن کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کے پیش نظر فیلڈ عملہ، پی ڈی سی، کنٹرول روم اور متعلقہ افسران ہائی الرٹ ہیں جبکہ بجلی کے نظام کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے

لاہور۔23جولائی (اے پی پی):لیسکو ریجن کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کے پیش نظر فیلڈ عملہ، پی ڈی سی، کنٹرول روم اور متعلقہ افسران ہائی الرٹ ہیں جبکہ بجلی کے نظام کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ترجمان لیسکو کے مطابق بارش یا خراب موسمی حالات کے باعث جہاں کہیں بھی بجلی کی فراہمی متاثر ہوتی ہے، وہاں بارش رکتے ہی لیسکو کی ٹیمیں حفاظتی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے فوری طور پر مرمتی کام اور بجلی کی بحالی کا عمل شروع کر دیتی ہیں۔ اسی دوران قائداعظم انڈسٹریل ایریا، کچا جیل روڈ کے قریب 11 کے وی لائن متاثر ہونے کی اطلاع پر متعلقہ ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں، متاثرہ فیڈر کو حفاظتی طور پر بند کرکے مرمتی کام شروع کیا گیا اور بجلی کی بحالی کے لیے کارروائی تیزی سے جاری ہے۔

فیلڈ عملے کے ساتھ متعلقہ افسران بھی مختلف علاقوں میں بحالی کے کام کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ صارفین کو کم سے کم وقت میں بجلی کی فراہمی بحال کی جا سکے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو نے ہدایت کی ہے کہ تمام فیلڈ عملہ مکمل حفاظتی سامان کے ساتھ فرائض انجام دے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ بارش کے دوران ٹوٹی ہوئی بجلی کی تاروں اور دیگر برقی تنصیبات سے دور رہیں اور کسی بھی شکایت یا ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر اپنے قریبی لیسکو دفتر یا ہیلپ لائن 118 پر رابطہ کریں۔