پی ٹی اے کی جانب سے دوسری سہ ماہی 2026 کے دوران فکسڈ لائن براڈ بینڈ سروسز کا کوالٹی آف سروس سروے

اکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پاکستان کے 24 بڑے شہروں، بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان، میں فکسڈ لائن براڈ بینڈ سروسز کے کوالٹی آف سروس(کیو اوایس) سروے مکمل کر لیے ہیں۔

اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پاکستان کے 24 بڑے شہروں، بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان، میں فکسڈ لائن براڈ بینڈ سروسز کے کوالٹی آف سروس(کیو اوایس) سروے مکمل کر لیے ہیں۔ یہ سروے سال 2026 کی دوسری سہ ماہی کے دوران کیے گئے، جن کا مقصد براڈ بینڈ سروس فراہم کنندگان (بی ایس پیز) کی نیٹ ورک کارکردگی کا جائزہ لینا اور صارفین کو انٹرنیٹ کی معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔جمعرات کو پی پی ٹی اے سے جاری بیان کے مطابق سروے کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ براڈ بینڈ سروس فراہم کنندگان کی اکثریت خدمات کے معیار (کیو او ایس) سے متعلق اہم اشاریوں پر مقررہ معیارات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

ان اشاریوں میں نیٹ ورک دستیابی (مقامی اور کور نیٹ ورک)، جِٹر نیٹ ورک لیٹنسی (مقامی اور بین الاقوامی سیگمنٹ)، بینڈوِڈتھ کے استعمال کی شرح، اور ڈیٹا تھروپٹ شامل ہیں۔تاہم، بعض براڈ بینڈ سروس فراہم کنندگان کی جانب سے چند نیٹ ورک اشاریوں میں کارکردگی کی خامیاں بھی سامنے آئیں۔ بالخصوص مصروف اوقات کے دوران بینڈوِڈتھ کے زیادہ استعمال کے باعث نیٹ ورک پر دباؤ اور انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی دیکھی گئی، جس سے صارفین کے تجربے پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔

مزید یہ کہ مقامی و بین الاقوامی نیٹ ورکس حصوں میں لیٹنسی میں اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا، جو راوٹنگ اور بیک بون انفراسٹرکچر میں ممکنہ خامیوں کی نشاندہی کرتا ہے۔ ان مسائل کے ازالے اور نیٹ ورک کے مجموعی کوالٹی آف سروس(کیواوایس) کو بہتر بنانے کے لیے متعلقہ آپریٹرز کو ضروری اصلاحی اقدامات کرنے کی ہدایات کی جا رہی ہیں۔ان سرویز کا بنیادی مقصد ملک بھر میں فکسڈ لائن براڈ بینڈ سروسز کے معیار میں مزید بہتری اور صارفین کو انٹرنیٹ کی بہتر خدمات فراہم کرنا ہے۔