سار آرگنائزیشن جامشورو کے زیرِ اہتمام نوجوانوں کی رہنمائی کے لئے کیریئر کاؤنسلنگ سیمینار کا انعقاد

سار آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام اس کے سار ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (SAAR VTTI) میں نوجوانوں کی پیشہ ورانہ رہنمائی، مہارتوں کے فروغ اور روزگار کے بہتر مواقع سے آگاہی کے لئے ایک کامیاب کیریئر کاؤنسلنگ سیمینار منعقد کیا گیا

حیدرآباد۔ 23 جولائی (اے پی پی):سار آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام اس کے سار ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (SAAR VTTI) میں نوجوانوں کی پیشہ ورانہ رہنمائی، مہارتوں کے فروغ اور روزگار کے بہتر مواقع سے آگاہی کے لئے ایک کامیاب کیریئر کاؤنسلنگ سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار کا انعقاد بینظیر بھٹو شہید ہیومن ریسورس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ (BBSHRRDB) کے تحت جاری تربیتی پروگرام کے 75 فیصد نصاب کی تکمیل پر کیا گیا۔تقریب میں تعلیمی، فنی اور پیشہ ورانہ شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی اور طلبہ کو کیریئر پلاننگ، جدید تکنیکی مہارتوں، کاروباری مواقع، قائدانہ صلاحیتوں اور بدلتی ہوئی مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ ہونے کے حوالے سے مفید رہنمائی فراہم کی۔ سیمینار میں انٹرایکٹو سیشنز اور عملی سرگرمیوں کے ذریعے شرکاکو مختلف شعبوں میں کیریئر کے امکانات، ذاتی صلاحیتوں کے مؤثر استعمال اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع سے آگاہ کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سار آرگنائزیشن کی چیئرپرسن اور صنفی امور کی ماہر صنم حبیب اللہ کابورو نے کہا کہ ادارہ نوجوانوں، بالخصوص خواتین اور پسماندہ طبقات کو معیاری فنی تعلیم اور عملی مہارتوں سے آراستہ کرکے انہیں بااختیار بنانے کے لئے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کا مقصد تعلیم اور روزگار کی منڈی کے درمیان موجود خلا کو کم کرتے ہوئے نوجوانوں کو بہتر مستقبل کی جانب گامزن کرنا ہے۔ سیمینار سے مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو کے ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ امداد علی بھگیو، یونیورسٹی آف سندھ جامشورو کے پروفیسر ڈاکٹر کامران تاج پٹھان، چیئرپرسن شعبہ سافٹ ویئر انجینئرنگ ڈاکٹر عارفہ بھٹو اور بینظیر بھٹو شہید ہیومن ریسورس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ جامشورو کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر یاسمین عمران نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ فنی مہارتوں، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، تخلیقی صلاحیتوں اور مسلسل سیکھنے کے عمل کو اپنائیں تاکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر دستیاب روزگار کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔سیمینار کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست منعقد ہوئی، جس میں طلبہ نے مختلف شعبوں سے متعلق اپنے سوالات کیے اور ماہرین سے رہنمائی حاصل کی۔