فیصل آباد۔ 11 دسمبر (اے پی پی):انگور کے باغبانوں کوماہ دسمبر کے دوران پودوں کے خوابیدگی کی حالت میں چلے جانے کے باعث فوری شاخ تراشی کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ چونکہ ماہ دسمبر کے دوران انگور کے پودے خوابیدگی کی حالت میں چلے جاتے ہیں اسلئے فوری طور پر ان کی شاخ تراشی کا عمل شروع کردیا جائے تاکہ انگور کا بہتر اور صحت مند،لذیزو ذائقہ دار پھل حاصل ہوسکے۔
ریسرچ انفارمیشن یونٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ماہرین اثمارنے کہا کہ دسمبر اور جنوری کے مہینے میں انگور کے باغات کی کم از کم ایک ایک بار آبپاشی بھی ضرور کی جائے۔انہوں نے کہا کہ باغبان نئے باغات کیلئے گڑھے کھودنے سمیت ان گڑھوں میں 5 لیٹرفیپرونل فی ایکڑ یا کلور پائری فاس2 لیٹر فی ایکڑ ڈالیں تاکہ دیمک کو کنٹرول کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ باغبان 4 سال سے کم عمر پودوں کو 10 کلو گرام اور اس سے زائد عمر کے پودوں کو 20 کلو گرام فی پودا گوبر کی گلی سڑی کھاد بھی ڈالیں تاکہ پودے کی غذائی ضروریات پوری ہونے سے انگور کی شاندار پیداوار حاصل کرنا یقینی ہوسکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=534733