اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):وزیردفاع خواجہ محمدآصف نے کہاہے کہ بنیان مرصوص سے ساری دنیا میں بھارت کاطلسم مسمارہوگیا اور بھارتی حکمرانوں کواندرون ملک شرمندگی کاسامنا کرنا پڑا، بی ایل اے اوردیگرتنظیمیں بھارت کی ایجنٹ ہیں، معیشت مستحکم ہوچکی ہے، کرپشن اور ٹیکس چوری کے خلاف بنیان مرصوص طرز کاآپریشن کرنا ہو گا۔ ہفتہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پربحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیر دفاع نے کہاکہ اسرائیل نے ایران پرحملہ کیا ہے اوراس وقت جنگ جاری ہے، ایران برادر اور ہمسایہ ملک ہے اور سینکڑوں برسوں سے ہمارے رشتے ہیں، یہ ایسے رشتے ہیں جن کی تاریخ میں مثال کم ہی ملتی ہوں جس طرح اسرائیل نے یمن، ایران، فلسطین کوہدف بنایا ہے، اس وقت لازم ہے کہ قائدانہ کرداراداکیاجائے، اوآئی سی کا اجلاس بلایا جائے اورایسی حکمت عملی اختیارکی جائے تاکہ اسرائیل کا مل کرمقابلہ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہاکہ فلسطینی بچوں کوذبح کیا جا رہا ہے، اسرائیلی مظالم کے خلاف اسلامی ممالک کے برعکس غیر اسلامی ممالک میں زیادہ احتجاج ہو رہا ہے۔ وزیر دفاع نے کہاکہ چندہفتہ قبل ہندوستان نے جارحیت کی جس کی اسی بڑی قیمت اداکرنا پڑی، ساری دنیا میں اس کاطلسم مسمارہوگیا جبکہ بھارتی حکمرانوں کواندرون ملک شرمندگی کاسامنا کرنا پڑا،مسلح افواج کی مضبوطی اورعوام کے عزم سے یہ ممکن ہوا، میں اپنی افواج اورعوام کے بلندحوصلوں اوراتحاد کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں جس کی وجہ سے یہ ممکن ہوا۔ انہوں نے کہاکہ ایران پراسرائیل کی جارحیت جاری ہے، یہ حملہ ایسے وقت ہوا ہے جب ایران اپنے جوہری پروگرام کے حوالہ سے اقوام متحدہ سے بات چیت میں مصروف تھا۔
وزیردفاع نے کہاکہ اسلامی دنیا میں جہاں جہاں اسرائیل سے تعلقات ہیں وہ منقطع ہونا چاہئیے، اسرائیل کے ہاتھ خون سے رنگے ہیں۔ پاکستان اپنے موقف پرروزاول سے مضبوطی سے کھڑاہے کہ صیہونیت ساری اسلامی دنیا کادشمن ہے، ہم اس ایوان کی وساطت سے ایرانی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کااظہارکرتے ہیں، ہم ایران کے ساتھ ہیں، بین الاقوامی فورمز پرپاکستان ایران کے مفادات کاتحفظ کرے گا، ایران ہمسایہ ہے ان کے غم اورخوشی مشترک ہے۔وزیردفاع نے کہاکہ بنیان مرصوص کے معرکہ سے قوم کی عزت میں اضافہ ہوا۔
وزیردفاع نے کہاکہ بنیان مرصوص میں ہماری افواج کے حوصلے بلندتھے اوردہائیوں کے بعد پاکستان کے عوام کے یقین کو نیا اعتماد ملاہے۔ بھارت کے خلاف ہمارے تکنیکی کارکنوں اورہمارے بچوں نے سائبرحملوں کے زریعہ بھارت کونقصان پہنچایا، اس فتح پرہمیں تاقیامت فخرہوگا۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ ایک سال کے عرصہ میں پاکستان نے جوکامیابیاں حاصل کی ہے اس پروہ وزیرخزانہ کومبارکباد پیش کرتے ہیں، انہوں نے بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے پاکستان کیلئے جواعتمادحاصل کیاہے وہ لائق تحسین ہے، منفی 2 فیصد سے ہماری جی ڈی پی 2.7فیصد ہوگئی ہے،یہ بڑی کامیابی ہے۔ہمارے تمام شراکت داروں کے اعتمادمیں اضافہ ہوا، مہنگائی کی اوسط شرح گزشتہ سال کے مقابلہ میں 4فیصدکی سطح پرآگئی ہے، مسائل موجودہیں تاہم ہم بحران سے نکل چکے ہیں، ہمیں قوی یقین ہے کہ آنیوالے مہینوں اورسالوں میں ہماری معیشت ترقی کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ حسابات جاریہ کے کھاتوں کاخسارہ ختم ہوکرسرپلس ہوگیا، تجارتی خسارہ میں کمی ہوئی ہے، غیرملکی سرمایہ کاری میں 20فیصداضافہ ہوا،ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کے کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کی ہے، سٹاک مارکیٹ کا انڈکس ایک لاکھ 25ہزار پوائنٹس تک پہنچ چکاہے اس سے معیشت پرسرمایہ کاروں کے اعتمادکی عکاسی ہورہی ہے۔ وزیردفاع نے کہاکہ وہ کون لوگ تھے جوآئی ایم ایف کوخطوط لکھ رہے تھے کہ پاکستان کے ساتھ معاہدہ نہ کیا جائے، شخصیات نہیں بلکہ یہ ملک ناگزیرہے، سیاست کامحورایک شخص کوبنانا حب الوطنی نہیں ہے۔پاکستان کے 77 سالہ تاریخ میں بڑے بڑے لوگ آئے،شہادتیں ہوئیں مگران کی جماعتیں آج بھی زندہ اورقائم ہے، پی پی پی اورمسلم لیگ ن کی قیادتوں میں تبدیلیاں آئی مگرجماعتیں موجودہیں کیونکہ ان کانظریہ کسی انسان کی بجائے نظریہ کی پیروی ہے، ہمیں اس ملک سے رشتہ رکھناہوگا۔سیاست میں کوئی گدی نشینی نہیں ہوتی۔
وزیردفاع نے کہاکہ پاکستان پوری طرح سے تیارہے، یہ قومی حمیت کی توہین تھی جب کہاگیا کہ ہم جنگ نہیں لڑسکتے،ہم نے دنیاکی جنگی تاریخ میں نیاباب کھڑاکردیاہے، مودی کے غرورکوخاک میں ملادیاگیاہے، ہمارے شاہین،ہماری سرحدوں اورسمندروں پرجوان للکاررہے تھے۔ وزیردفاع نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف ہم برسوں سے لڑرہے ہیں،ہمارے ایک صوبہ کے کئی اضلاع دہشت گردوں کے ہدف بنے ہیں، بی ایل اے اوردیگرتنظیمیں بھارت کے ایجنٹ ہیں، یہ اس سرزمین پربھارت کی جنگ لڑرہے ہیں، جولوگ ان سے ہمدردی رکھ رہے ہیں وہ ملک کے دشمن ہے، مسائل کاسیاسی حل نکالنا چاہئیے مگرکسی حل کے پیچھے بھارت کونہیں ہونا چاہئے۔
وزیردفاع نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کوہم ہی جیتیں گے، ہمارے جوانوں کے حوصلے بلندہیں،قومیں ایک شخص کی پوجاسے نہیں بلکہ عزم وہمت اور بلند حوصلہ سے بنتی ہے اور۔انہوں نے کہاکہ تمباکواوردیگرشعبوں میں اربوں روپوں کی ٹیکس چوری ہورہی ہے، ایف بی آرکی محصولات میں اضافہ ہواہے، ٹیکس محصولات میں 50فیصداضافہ سے ہمیں کسی سے مدد لینی کی ضرورت نہیں ہوگی،آئے روز سگریٹوں کے نئے برانڈز سامنے آرہے ہیں، یہ لوگ اتنے مضبوط ہے کہ وہ آذادکشمیرکے پورے الیکشن کوجیتنے کی تیاری کررہے ہیں تاکہ ان کے ٹھکانے برقراررہیں، ہماری سیاست پربھی اس کے اثرات ہیں، چین سے جودرآمدات ہورہی ہے اس میں بھی ہزاروں ارب کی ڈیوٹی میں نقصانات ہورہے ہیں۔
ٹیکس چوروں کے جیبوں سے پیسہ نکال کرعوام پرخرچ کرنا ہوگا، پنجاب میں بلدیات کے 60ہزاردکانیں ہیں مگران کے کرائے معمولی ہیں، اسی طرح اوقاف کی جائیدادیں بھی معمولی کرائے پرحاصل کی جاتی ہیں، ہمیں اس نظام کودرست کرنا ہوگا۔نظام کودرست کرنے سے ہمیں آئی ایم ایف جانے کی ضرورت نہیں ہوگی، ہمیں کرپشن اورٹیکس چوری کے خلاف بنیان مرصوص طرز کاآپریشن کرناہوگا۔
انہوں نے کہاکہ چئیرمین ایف بی آربڑی محنت کررہے ہیں مگریہ ایک عظیم ہدف ہے، ہمیں خطرہ ہے کہ بھارت پانی بندکر دیں گا، میں دریائے چناب کے قریب رہتا ہوں، بھارت ایک دن میں 35 ہزار اور ایک دن 3 سے 5 ہزار کیوسک پانی چھوڑا جاتا ہے، بھارت اس ہتھیارکو استعمال کر رہا ہے، ہمیں پانی کے نئے ذخائرکوتعمیرکرناہوگا۔