اوآئی سی کے رکن ممالک کی معروف یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کے وفد کایونیورسٹی آف فیصل آباد کا دورہ

114

فیصل آباد۔ 27 جنوری (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی)کے رکن ممالک ملائیشیا، ایران، صومالیہ، یوگنڈا، بنگلہ دیش، فلسطین، تنزانیہ، انڈونیشیا اور موریطانیہ کی معروف یونیورسٹیزکے وائس چانسلرز، ڈائریکٹر جنرلز، ڈینز اور پروفیسرز پر مشتمل 30 رکنی وفد نے گزشتہ روز دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کا دورہ کیا جس کامقصد اسلامی ممالک کے مابین باہمی تعلیمی روابط کے فروغ سے تعلیمی معیار کو بہتر بنانا اور عالمی سطح پر تعلیمی اداروں کے مابین معلومات اور وسائل کے تبادلے کو فروغ دینا ہے۔

دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے وائس چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر محمدحمزہ امین، ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ ملک اور رجسٹرار ڈاکٹر زاہدہ مقبول نے مہمان وفد کا استقبال کیاجبکہ وفدکےساتھ میٹنگ میں ڈاکٹر زاہدہ مقبول نے مدینہ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام دی یونیورسٹی آف فیصل آباد، یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج، مدینہ ٹیچنگ ہسپتال اور دیگر فلاحی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی۔مہمان وفد کے ممبران ٹیکنالوجی یونیورسٹی ملائیشیا کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شہرین بن صہیب،ڈپٹی وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر نورازہ عبد الرحمن،پروفیسر مس نور سیازوانی، ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر احمد سبرین،یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی ساراواک ملائیشیا کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خیر الدین حامد اور ان کی اہلیہ، پروفیسرڈاکٹر طارق زمان،صومالی انٹرنیشنل یونیورسٹی صومالیہ کے ریکٹر پروفیسر حسن عثمان،اسلامی یونیورسٹی یو گنڈا کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر اسماعیل سمبوا،ڈھاکہ انٹرنیشنل یونیورسٹی بنگلہ دیش سے پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن، مصطفی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فاؤنڈیشن ایران کے ڈائریکٹر مہدی امینی،بنا دیر یونیورسٹی صومالیہ کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد محمود حسن، اسلامک کال یونیورسٹی یوگنڈا کے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر ادریس عبداللہ، فلسطین ٹیکنیکل یونیورسٹی کدوری کے صدر پروفیسر حسین شانک،یونیورسٹی آف فلسطین کے ہیڈ بورڈ آف ٹرسٹیز پروفیسرڈاکٹر سالم صباح، یونیورسٹی آف موروگرو تنزانیہ کے ڈپٹی وائس چانسلر پروفیسر حمزہ مصطفائی، نیشنل ایجنسی فار سائنٹیفک ریسرچ موریطانیہ کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر طالب خیار،یونیورسٹی آف سماٹرا انڈو نیشیا سے پروفیسر ڈاکٹر عارف نوریاوان، مشہدیونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز ایران سے پروفیسر ڈاکٹر ماجد غیور مبرہان اور کامسٹیک کے ایڈوائزر لنکجز محمد مرتضیٰ نور نے ملکی و بین الاقوامی سطح پرصحت اور تعلیم کے شعبوں میں مدینہ فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہااورعالمی یونیورسٹیوں میں بہترین درجہ بندی پر یو نیورسٹی مینجمنٹ کو مبارکباد پیش کی۔ او آئی سی ممبر ممالک کے ماہرین تعلیم نے دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے اپنے ملکوں کی بہترین یونیورسٹیوں کے ساتھ باہمی تعلیمی روابط کے فروغ میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا اوریونیورسٹی مینجمنٹ کو دعوت دی کہ وہ ان ممالک کا دورہ کریں تاکہ باہمی روابط کیلئے مواقع پیدا کئے جاسکیں۔

مہمان وائس چانسلرز نے میٹنگ کے دوران اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ تحقیق اور تدریسی مواد کے تبادلے سے نہ صرف تعلیمی معیار بلند ہو گا بلکہ طلباوطالبات کیلئے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ یونیورسٹی آف فیصل آباد کے مختلف شعبوں کے ہیڈز کے ساتھ میٹنگ میں تعلیمی اصلاحات، جدید تحقیق اور عالمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا جس سے برادار اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

فلسطینی یونیورسٹیوں سے آئے وائس چانسلرز نے دی یونیورسٹی آ ف فیصل آباد میں فلسطینی طلباکیلئے مفت تعلیمی سہولیات کی فراہمی پر یونیورسٹی مینجمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔ وائس چیئرمین ڈاکٹر محمد حمزہ امین نے مہمان وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس میٹنگ سے نہ صرف دی یونیورسٹی آ ف فیصل آباد کی بین الاقوامی حیثیت کو مزید تقویت ملے گی بلکہ اس کے ذریعے او آئی سی کے ممبر ممالک کے درمیان تعلیمی شعبے میں مضبوط روابط قائم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی تعاون عالمی سطح پر ترقی اور امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ ملک نے اس تاریخی موقع پر او آئی سی ممالک کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ تعاون مستقبل میں ممبر ممالک کے تعلیمی اداروں کے درمیان کامیاب شراکت داری کی راہیں ہموار کرے گا۔بعدازاں مہمانوں نے یونیورسٹی کے لان میں یادگاری پودے بھی لگائے۔