تھانہ کوٹلی ستیاں کے علاقے اریاڑی میں اوباش شخص کی مبینہ بلیک میلنگ سے دلبرداشتہ ہو کر 16 سالہ لڑکی نے خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی جو دوران علاج دم توڑ گئی۔ پولیس نے متوفیہ کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
اوباش شخص کی مبینہ بلیک میلنگ سے تنگ 16 سالہ لڑکی کی خودسوزی، مقدمہ درج

مزید خبریں
راولپنڈی۔16جون (اے پی پی):تھانہ کوٹلی ستیاں کے علاقے اریاڑی میں اوباش شخص کی مبینہ بلیک میلنگ سے دلبرداشتہ ہو کر 16 سالہ لڑکی نے خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی جو دوران علاج دم توڑ گئی۔ پولیس نے متوفیہ کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔پولیس کے مطابق متوفیہ اقصیٰ ناز کے بھائی عاقب شیراز کی مدعیت میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 322 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا گیا کہ اقصیٰ ناز نے اپنے گھر سے ملحقہ زیر تعمیر مکان میں خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی۔ چیخ و پکار سن کر والدہ اور بہن موقع پر پہنچیں اور آگ بجھانے کی کوشش کی جبکہ بعد ازاں والد بھی وہاں پہنچ گئے۔ریسکیو 1122 کی مدد سے زخمی لڑکی کو پہلے پمز ہسپتال اور بعد ازاں فوجی فائونڈیشن ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئی۔مقدمے کے متن کے مطابق پڑوسی حامد مبینہ طور پر متوفیہ کو فون کالز اور پیغامات کے ذریعے ہراساں اور بلیک میل کرتا تھا۔ اہل خانہ نے اس حوالے سے ملزم کے گھر والوں کو بھی آگاہ کیا تاہم اس کے باوجود مبینہ ہراسانی کا سلسلہ جاری رہا جس سے دلبرداشتہ ہو کر لڑکی نے انتہائی قدم اٹھایا۔ڈی پی او مری کے مطابق خودسوزی کا واقعہ سات روز قبل پیش آیا تھا تاہم پولیس کو اطلاع ملتے ہی مقدمہ درج کر لیا گیا اور ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔








