اورنج لائن میٹرو بس منصوبہ افتتاح کے ایک ہفتے کے اندر فیض آباد سے منسلک ، شہریوں کا خراج تحسین

60

اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں نے گزشتہ چار سال سے جمود کا شکار اورنج لائن میٹرو بس منصوبہ کے افتتاح کے ایک ہفتے کے اندر فیض آباد سے منسلک کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے نے ایئر پورٹ اور اس سے متصلہ سیکٹرز کی جانب سفر کرنے والے مسافروں کی مشکلات کو آسان کر دیا ہے۔اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں نے کہا کہ پہلے ٹیکسی کے بھاری بھرکم کرائے دے کر ہمیں ایئر پورٹ جانا پڑتا تھا لیکن میٹرو بس منصوبے کے افتتاح سے وزیر اعظم نے شہریوں کی مشکل کو آسان بنا دیا ہے۔

راولپنڈی کے ایک شہری راجہ عبدالمنان نے کہا کہ انکے عزیزو اقارب جی تیرہ سیکٹر میں مقیم ہیں اور اکثر ان سے ملنے کے لئے جانا پڑتا ہے لیکن ٹرانسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے ٹیکسی کے بھاری کرائے ادا کرنا پڑتے تھے لیکن اس منصوبے سے آسانی ہو گئی ہے۔ جی سیون اسلام آباد کے ایک شہری ساجد حسین نے کہا کہ میرے بھائی سعودی عرب میں مقیم ہیں انہیں ایئر پورٹ چھوڑنے کے لئے گزشتہ ماہ مجھے ٹیکسی کا 1500 روپے کرایہ ادا کرنا پڑا اور ہم ایک عرصہ سے منتظر تھے کہ اورنج لائن جلد از جلد مکمل ہو جائے۔

انہوں نے موجودہ حکومت کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ایئر پورٹ اور اس سے متصلہ سیکٹرز اور موٹر وے کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کرنے والے مسافروں کو خصوصی سہولت ملی ہے۔ جی تیرہ کے ایک رہائشی نے کہا کہ ایک عرصہ سے ہم اس ٹرانسپورٹ منصوبے کے منتظر تھے اور مکمل کی بجائے تکمیل سے پہلے ہی یہ منصوبہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونا شروع ہو گیا تھا لیکن وزیر اعظم شہباز شریف نے اس منصوبے کا افتتاح کرکے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔

زاہد نامی ایک مسافر نے کہا کہ روات اور بہارہ کہو روٹ پر یہ منصوبہ آگیا تو اسلام ااباد اور گردونواح کے ایک بڑے حصے کا احاطہ ہو جائے گا اور میٹرو جیسی معیاری اور ارزاں سفری سہولت ہر عمر کے مسافروں بالخصوس خواتین مسافروں کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں ہو گی۔وزیر اعظم شہباز شریف کے اعلان کے ایک ہفتے کے اندر متعلقہ حکام نے اورنج لائن کو فیض آباد سے منسلک کر دیا ہے تاکہ مسافروں کو نیو اسلام آباد ایئرپورٹ سے براہ راست رابطہ فراہم کیا جا سکے۔

شہریوں نے اس اقدام کا سراہتے ہوئے کہا کہ اس اورنج لائن میٹرو بس منصوبے کے بعد شہری فیض آباد اور نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کے درمیان سفر کر سکیں گے، پی ایم آفس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسے جڑواں شہروں کے رہائشیوں کے ساتھ ایک اور عہد کی تکمیل قرار دیا گیا ہے۔وزیر اعظم نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے چار دن کے اندر اورنج لائن منصوبے کو آپریشنل کر دیا تھا جو پچھلے چار سالوں سے نامکمل پڑا تھا۔منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے رہائشی رمضان المبارک کے دوران مفت میٹرو کے سفر سے لطف اندوز ہوں گے۔