سیالکوٹ ۔11 اپریل (اے پی پی):جنرل سیکرٹری شیڈ ٹرسٹ سہیل احمد نے کہا ہے کہ شیڈ ٹرسٹ کے زیرِ انتظام عرصہ تیرہ سال سے اولڈ ایج ہوم "مسکن” بزرگ شہریوں کے لیے امید کی ایک کرن ہے۔ یہ ادارہ اُن خواتین و حضرات کے لیے بنایا گیا ہے جو بے سہارا، لاوارث یا اولاد کے سلوک سے دلبرداشتہ ہو چکے ہیں اور جنہیں انکے اپنے پیاروں نے چھوڑ دیا ہے ، وہ لاوارث بزرگ جو بڑھاپے میں عزت و وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کے خواہاں ہیں انکے لئے اولڈ ایج ہوم مسکن امید کی کرن ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے اولڈ ایج ہوم مسکن میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سہیل احمد نے کہا کہ”مسکن” صرف ایک رہائش گاہ نہیں بلکہ ایک باوقار زندگی گزارنے کی مکمل سہولیات سے مزین مقام ہے۔ یہاں رہنے والے بزرگوں کو مکمل طبی سہولیات،معیاری کھانے،صاف ستھرا اور پرسکون ماحول،دینی و اخلاقی تربیت اور باعزت سماجی میل جول کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں جہاں خاندانی نظام کمزور ہوتا جا رہا ہے، وہاں ایسے اداروں کی ضرورت بڑھ گئی ہے جہاں بزرگوں کو تنہائی، بیماری اور غربت سے نجات دلائی جا سکے۔اس موقع پر سہیل احمد نے اہلِ خیر مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھ کر اس عظیم مقصد میں شیڈ ٹرسٹ کا ساتھ دیں تاکہ ہم مل کر معاشرے کے ان قیمتی افراد کو وہ عزت دے سکیں جس کے وہ مستحق ہیں۔