اولیا اور صوفیا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے رائے عامہ ہموار کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، صدر آزاد کشمیرسردار مسعود خان

124
جو بائیڈن اور کمالہ ہریس کے اقتدار میں آنے سے مسئلہ کشمیر کے حل کی امید پیدا ہوئی ہے، سردار مسعود خان
جو بائیڈن اور کمالہ ہریس کے اقتدار میں آنے سے مسئلہ کشمیر کے حل کی امید پیدا ہوئی ہے، سردار مسعود خان

اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):خطہ کشمیر کو اولیا اور صوفیا کی سر زمین قرار دیتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے علما و مشائخ پر زور دیا ہے کہ وہ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے اپنے پیروکاروں اور چاہنے والوں کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے رائے عامہ ہموار کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ صدارتی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن اور ممتاز روحانی رہنما پیر علی رضا بخاری کی قیادت میں دنیا کے بائیس ممالک میں کام کرنے والے انٹر نیشنل صوفی فورم کے ایک وفد سے کشمیر ہاوس اسلام آباد میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر کے کہا کہ انہیں یہ جان کر بے حد مسرت ہوئی کہ انٹرنیشنل صوفی فورم دنیا کے 22 ممالک میں تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے کے علاوہ آزاد کشمیر کے سماجی، تعلیمی اور صحت کے شعبہ میں گرانقدر خدمات انجام دے رہا ہے۔ جس کے لئے ہم اس فورم اور المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ وفد میں پیر علی رضا بخاری کے علاوہ ڈاکٹر مسعود احمد رضا الرفاعی، چیئرمین المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ برطانیہ عبدالرزاق ساجد اور دیگر شامل تھے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ خطہ کشمیر اور صوفیا کا تعلق صدیوں پرانا ہے کیونکہ کشمیر میں اسلام اور تہذیب و تمدن کی روشنی صوفیا کرام کے ذریعے پھیلی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لوگ امن پسند ہیں اور وہ اپنی دھرتی پر امن چاہتے ہیں اور ہر قسم کے تشدد، ظلم اور نا انصافی کے خاتمہ کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں پر ایک جنگ مسلط کر رکھی ہے اور اسکی نو لاکھ فوج نے کشمیریوں کو قتل، ان کو اپنی زمینوں سے بے زمین اور اپنے گھروں سے بے گھر کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے پیر علی رضا بخاری کو پیغام پاکستان پروگرام کے ذریعے آزاد کشمیر اور پاکستان کے لاکھوں لوگوں تک امن و اتحاد کا پیغام پہنچانے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن، برداشت اور بھائی چارے کا مذہب ہے اور دین اسلام کی ان حقیقی تعلیمات سے عوام الناس اور دنیا کو روشناس کرانے کی ضرورت ہے۔ صدر ریاست نے المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے ہزاروں افراد کو آنکھوں کی روشنی ملی کیونکہ ٹرسٹ نے پچھلے مختصر عرصہ میں چالیس سے زیادہ فری آئی کیمپ لگا کر لوگوں کی بینائی کے حوالے سے علاج و معالجے کی سہولتیں فراہم کیں۔ انہوں نے کہا آزاد کشمیر میں المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ جیسے ادارے لوگوں کی بینائی لوٹا رہے جبکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ انسانوں خاص طور پر جوانوں کو آنکھوں کی بینائی سے محروم کر رہا ہے اور یہی آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں فرق ہے۔ انہوں نے المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ برطانیہ کی سماجی شعبے میں بے پایاں خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ٹرسٹ کے ذمہ داران کو یقین دلایا کہ حکومت آزد کشمیر میں آنکھوں کے مفت ہسپتال کی تعمیر میں ٹرسٹ کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ اسلام کی تعلیمات کے مطابق غریب، نادار اور بے سہارا لوگوں کی بھلائی کے لیے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے آزاد کشمیر میں ختم نبوت کے حوالے سے قوانین منظور کرانے میں پیر علی رضا بخاری کی خدمات اور کوششوں پر بھی انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ صدر آزاد کشمیر سے ملنے والے وفد نے فرانس کے صدر میکرون اور فرانسیسی حکومت کے توہین رسالت کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عالم اسلام اور مسلمانوں کی دل آزاری کرنے پر معافی مانگیں۔