جوہانسبرگ۔ 12 جنوری (اے پی پی)ڈونے اولیوائر کی تباہ کن باﺅلنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کی پاکستان کے خلاف تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط ہو گئی جبکہ پاکستانی بلے بازوں نے ناقص کارکردگی سے باﺅلرز کی محنت پر پانی پھیر دیا، پاکستانی ٹیم پروٹیز کی پہلی اننگز 262 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 185 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، پروٹیز کے تندوتیز باﺅلنگ اٹیک کے سامنے پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ ایک بار پھر فلاپ ہو گئی، 91 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان سرفراز احمد نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ کی شراکت میں 78 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم یہاں پر دونوں بلے باز یکے بعد دیگرے آﺅٹ ہو گئے جس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، سرفراز احمد 50 اور بابر 49 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، اولیوائر نے 5 ورنن فلینڈر نے 3 اور کگیسوربادا نے 2 وکٹیں لیں، جنوبی افریقہ نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 135 رنز بنا کر مجموعی طور پر 212 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی، ہاشم آملہ 42 اور کوئنٹن ڈی کوک 34 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، فہیم اشرف نے 2، محمد عامر، محمد عباس اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ لی۔ ہفتہ کو جوہانسبرگ ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستانی ٹیم نے 17 رنز 2 کھلاڑی آﺅٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو امام الحق 10 رنز پر کھیل رہے تھے، 53 کے سکور پر اولیوائر نے عباس کو آﺅٹ کر کے ٹیم کو دن کی پہلی کامیابی دلائی، انہوں نے 11 رنز بنائے، اسی اوور میں اولیوائر نے اسد شفیق کو آﺅٹ کر کے گرین شرٹس پر دباﺅ بڑھا دیا، وہ بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، 91 کے سکور پر پاکستان کی پانچویں وکٹ گری جب امام الحق43 رنز بنانے کے بعد فلینڈر کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے، اس موقع پر بابر اعظم اور سرفراز احمد نے مل کر چھٹی وکٹ کی شراکت میں 78 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن 169 کے سکور پر ربادا نے سرفراز کو آﺅٹ کر کے پارٹنرشپ توڑ دی، انہوں نے 50 رنز بنائے، اگلے اوور میں اولیوائر نے بابر کو آﺅٹ کر کے پاکستان کی آخری امید بھی توڑ دی، انہوں نے 49 رنز بنائے، اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم 185 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، شاداب خان 5، محمد عامر 10 اور فہیم اشرف بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے، اولیوائر نے 5، فلینڈر نے 3 اور ربادا نے 2 وکٹیں لیں۔ 77 رنز کی برتری کے ساتھ جنوبی افریقن ٹیم دوسری اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو 24 کے سکور پر اسے ڈین ایلگر کا نقصان اٹھانا پڑا جو 5 رنز بنانے کے بعد عامر کی گیند کا نشانہ بنے، 29 کے سکور پر ایڈن مرکرم 21 رنز بنا کر عباس کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے، تھیوس ڈی بروئن 7 رنز بنا کر چلتے بنے، انہیں فہیم اشرف نے اپنا شکار بنایا، زبیر حمزہ بغیر کوئی رن بنائے فہیم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، 93 کے سکور پر پروٹیز کی پانچویں وکٹ گری جب ٹیمبا باووما 23 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے، اس کے بعد ہاشم آملہ اور ڈی کوک نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو جنوبی افریقہ نے 5 وکٹوں پر 135 رنز بنا کر مجموعی طور پر 212 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی، ہاشم آملہ 42 اور ڈی کوک 34 رنز پر ناقابل شکست ہیں، فہیم اشرف نے 2 جبکہ عامر، عباس اور شاداب خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔