اسلام آباد ۔ 3 ستمبر (اے پی پی) پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے اومان کے پارلیمانی وفد نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگایا۔ سلطنت اومان کی مجلس شوریٰ کے10 رکنی پارلیمانی وفد نے پارلیمنٹ ہائوس کا دورہ کیا۔ وفد کی سربراہی چیئرمین مجلس شوری خالد بن ہلال ناصر المعولی کررہے ہیں۔ پارلیمنٹ ہائوس آمد پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اراکین پارلیمنٹ اور قومی اسمبلی کے اعلی افسران کے ہمراہ پارلیمنٹ کے صدر دروازے پر وفد کا استقبال کیا۔ وفد نے پارلیمنٹ کے سبزہ زار میں منگولیا گرینڈی فلورہ کا پودا لگا کر پاکستان سے اپنی گہری دوستی اور والہانہ محبت کا اظہار کیا ہے۔ اس موقع پر وفد نے امہ کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی مانگی۔