فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے متحدہ عرب امارات، کویت اور بحرین میں موخر کیے گئے میٹرک (ایس ایس سی) سالانہ امتحانات 2026 کے انعقاد کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے
اوورسیز مراکز میں وفاقی تعلیمی بورڈ کے میٹرک امتحانات 5 مئی سے شروع ہوں گے

مزید خبریں
اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے متحدہ عرب امارات، کویت اور بحرین میں موخر کیے گئے میٹرک (ایس ایس سی) سالانہ امتحانات 2026 کے انعقاد کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق امتحانات 5 مئی سے شروع ہوں گے۔ بورڈ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل جاری کیے گئے مراسلے کے تسلسل میں بیرونِ ملک قائم امتحانی مراکز میں جہاں امتحانات ملتوی کر دیئے گئے تھے، اب انہیں نئے شیڈول کے تحت منعقد کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں متعلقہ تعلیمی اداروں، امتحانی مراکز اور طلبہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق امتحانات کے انتظامات، ڈیٹ شیٹ اور دیگر ضروری ہدایات سے متعلق تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔ تمام متعلقہ فریقین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امتحانات کے انعقاد کے لیے پیشگی تیاریاں مکمل رکھیں۔ کنٹرولر امتحانات (ٹیسٹ ایڈمنسٹریشن) فاطمہ طاہرہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بیرونِ ملک پاکستانی سفارت خانوں اور قونصل خانوں کو بھی ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ امتحانی عمل شفاف اور منظم انداز میں مکمل کیا جا سکے۔








