اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے زیر اہتمام ای کچہری کا انعقاد

18

لاہور۔30جون (اے پی پی):اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے تحت گزشتہ روز ای کچہری کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب بیرسٹر امجد ملک نے کی۔ ای کچہری میں دنیا بھر سے اوورسیز پاکستانیوں نے بھی شرکت کی اور جو درخواستیں موصول ہوئیں انہیں سن کر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ وائس چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے ا وپن کچہری کو ایک کامیاب، بامقصد اور موثر اقدام قرار دیتے ہوئے کمشنر او پی سی پنجاب سمن رائے اور ان کی ٹیم کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کو ادارہ سازی، کمیشن کی تشکیل، ڈی او پی سی، ایڈوائزری کونسل اور اوپن کچہریوں جیسے اقدامات میں براہِ راست شامل کرنا حکومت کا اہم ترین ویژن ہے۔

جدید ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے ان کوششوں کو کامیاب بنانے سے نہ صرف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بااختیار بنایا جا رہا ہے بلکہ یہ ریاست اور حکومت دونوں کے لیے دور رس ثمرات کا باعث بنے گا۔اوپن کچہری کے انعقاد کا بنیادی مقصد دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں بالخصوص امریکہ، برطانیہ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور خلیجی ممالک کی آرا ءاور مسائل کو براہِ راست سنا جانا تھا تاکہ اوورسیز پاکستانی کمیشن کی خدمات کو مزید بہتر اور موثر بنایا جا سکے۔بیرسٹر امجد ملک نے اس کامیاب انعقاد پر او پی سی ٹیم کے تمام ارکان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہی ٹیم ورک اوورسیز پاکستانیوں کا اعتماد بحال کرنے کا ذریعہ بن رہا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگلی اوپن کچہری 25 جولائی کو شام 4 بجے منعقد کی جائے گی

جس میں دنیا بھر سے اوورسیز پاکستانیوں کو ایک مرتبہ پھر اپنی بات براہِ راست کہنے کا موقع دیا جائے گا۔کمشنر او پی سی پنجاب ثمن رائے نے متعلقہ ڈیلنگ افسران کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے رابطہ کریں تاکہ درخواست گزاروں کو بروقت ریلیف دیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی جائیداد سے متعلق شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حتمی شکل دی جائے اور ان کے جائز حقوق کا فوری تحفظ یقینی بنایا جائے۔کمشنر او پی سی نے پولیس سے متعلقہ کیسز پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تمام معاملات کو تیزی سے نمٹانے کے لیے ضلعی سطح پر موثر رابطہ کاری کی جائے۔ انہوں نے تمام افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں ہدایت دی کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ذاتی دلچسپی سے حل کریں۔