لاہور۔13جون (اے پی پی):اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئرپرسن بیرسٹر امجد ملک سے سندس فائونڈیشن کے تین رکنی وفد نے ملاقات کی، جس کا مقصد فلاحی شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دینا اور مشترکہ سماجی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ وفد میں چیف آپریٹنگ آفیسر عبد الستار، سینئر منیجر فیصل حمید، اور کمیونٹی ایمبیسڈر وجاہت علی شامل تھے۔ اس ملاقات میں دونوں اداروں نے بلڈ ڈونیشن ڈرائیوز، اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود
اور صحت عامہ کے دیگر منصوبوں پر اشتراک کے امکانات کا جائزہ لیا۔بیرسٹر امجد ملک نے سندس فاونڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ "سندس فاونڈیشن نے تھلیسیمیا جیسے مہلک مرض سے متاثرہ بچوں کے لیے جو خدمات انجام دی ہیںوہ قابلِ تحسین ہیں۔ اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کو اس عظیم مقصد کا حصہ بنانا ایک خوش آئند قدم ہوگا۔سندس فاونڈیشن کے نمائندوں نے اس موقع پر مستقبل قریب میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ مل کر بلڈ ڈونیشن کیمپینز، آگاہی پروگرامز اور رضاکارانہ خدمات کے لیے منصوبہ بندی پر بات چیت کی۔
دونوں اداروں نے باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا اور ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی تجویز بھی پیش کی۔