32.1 C
Islamabad
منگل, اپریل 15, 2025
ہومقومی خبریںاوورسیز پاکستانیز کنونشن میں شرکت کرنے والے سمندر پار پاکستانیوں کے وفد...

اوورسیز پاکستانیز کنونشن میں شرکت کرنے والے سمندر پار پاکستانیوں کے وفد کا لوک ورثہ کا دورہ، لوک ورثہ میوزیم، دستکاری بازار، کرافٹ ویلج اور مختلف ثقافتی سٹالز میں گہری دلچسپی کا اظہار

- Advertisement -

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے تعاون سے اوورسیز پاکستانیز کنونشن میں شرکت کرنے والے سمندر پار پاکستانیوں پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد نے اتوار کو لوک ورثہ کا دورہ کیا۔ سمندر پار پاکستانیوں کا لوک ورثہ آمد پر ڈھول کی تھاپ اور علاقائی لوک موسیقی کی دھنوں پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔قومی ورثہ و ثقافت کی پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبرنے لوک ورثہ آمد پر معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ امریکہ، یورپ ،خلیجی و افریقی ممالک سمیت دنیا کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے سمندر پار پاکستانیوں کے وفود نے لوک ورثہ میوزیم، دستکاری بازار، کرافٹ ویلج اور مختلف ثقافتی اسٹالز کا دورہ کیا اور پاکستان کے ثقافتی رنگوں میں گہری دلچسپی اور والہانہ رغبت کا اظہار کیا ۔

اس موقع پر انہوں نے لوک فنکاروں کی لائیو میوزیکل پرفارمنس بھی دیکھی۔مختلف علاقوں کی دھنیں، روایتی ساز اور رقص نے وفود کو خوب محظوظ کیا اور انہوں نے تالیاں بجا کر خوب داد دی۔ لوک ورثہ میں فقید المثال استقبال کیلئے وزارت سمندر پار پاکستانیز ، وزارت خارجہ اور وزارت اطلاعات و نشریات کی طرف سے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے ۔ اوورسیز پاکستانیوں کو لوک ورثہ میں قائم مختلف صوبوں کے پویلینز کا دورہ کرایا گیا جو وفاق کی تمام اکائیوں بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے ثقافتی ورثے کی عکاسی کرتے ہیں۔ اس موقع پر لوک ورثہ کے حکام نے اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کی رنگارنگ ثقافت اور مختلف پویلینزکے حوالے سے آگاہ کیا ۔پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبرنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز کنونشن میں مختلف ممالک سے تقریباً ایک ہزار کے قریب اوورسیز پاکستانی شرکت کر رہے ہیں ۔

- Advertisement -

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے اوورسیز کنونشن کے ذریعے بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو مل بیٹھنے کا موقع فراہم کیا ہے ، یہ سب کے لیے مثبت اقدام ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اوورسیز کنونشن کا انعقاد حکومت کا احسن اقدام ہے سمندر پار پاکستانیوں سے متعلق امور اور ان کو درپیش مسائل پر مل بیٹھ کر حکمت عملی وضع کی جائے گی۔ اس موقع پر سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے سمندر پار پاکستانی منصور محبوب چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا جس پر وہ ان کے بے حد مشکور ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں مختلف ممالک سے لوگ شرکت کر رہے ہیں ، بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانی ملک میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ، حکومت کے اچھے اقدامات پر اسے کریڈٹ دینا چاہئے ، ہمارے جو قومی سطح پر مسائل ہیں انہیں حل کرنا چاہئے ۔ جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے شہزاد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم حکومت کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم رہتے پردیس میں ہیں لیکن ہمارے دل پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں ، ہم جتنا کر سکتے ہیں اپنے ملک کے لیے کریں گے ۔

تارکین وطن حافظ محمد شبیر نے میڈیا کو بتایا کہ انہیں پرتپاک انداز میں ایئرپورٹ سے یہاں تک لایا گیا ہے جس پر ہم حکومت کے شکر گزار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں آنے کا مقصد زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری مواقع تلاش کرنا ہے تاکہ ہم اپنے ملک کی خدمت کر سکیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے اندر اوربیرون ممالک اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم بطور اوورسیز پاکستانی ملک کی بہتری کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی ان کاوشوں کو سراہتے ہیں جنہوں نے یہ بڑا اقدام اٹھایا ہے ۔ یورپ سے آئے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں نے بھی کنونشن کے انعقاد پر حکومت پاکستان کے اقدام کو سراہا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581418

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں