لاہور۔14اپریل (اے پی پی):اوورسیز پاکستانیوں کو بر وقت انصاف کی فراہمی کیلئے پنجاب میں سپیشل کورٹس کے قیام کا فیصلہ کر لیا گیا ،اوورسیز پاکستانیوں کو بیرون ملک سے اپنے کیسز میں ویڈ یو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کروانے کی اجازت سمیت مختلف تجاویز پر بھی غور کیا جارہا ہے ،
اس حوالے سے اہم اجلاس بدھ کے روز گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کی زیر صدارت گور نر ہاس میں منعقد ہوا جس میںایڈیشنل چیف سیکرٹر ی پنجاب ارم بخاری ،سیکرٹری قانون بہادر علی خان ،وجیہہ اللہ کنڈوی ،ڈی جی ڈسٹر کٹ جوڈیشری سعید اللہ مغل ،ڈپٹی رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ ، اوورسیز کمیشن پنجاب عارف جاوید ،اوورسیز کمشنر خادم عباس ،وائس چیئر مین اوورسیز کمیشن محمد وسیم رامے ،ڈی جی اوورسیز عشر ت اللہ،ڈائر یکٹر لیگل اوورسیز کمیشن پنجاب راجہ زبیر اور پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب ڈاکٹر راشدمنصور سمیت دیگر نے شرکت کی، اجلاس کے دوران سیکرٹر ی قانون پنجاب بہادر علی خان نے اوورسیز پاکستانیوں کو بر قت انصاف کی فراہمی کیلئے سپیشل کورٹس کے قیام سمیت دیگر امور کے بارے میں تفصیلی بر یفنگ دی جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹر ی پنجاب ارم بخاری نے اجلاس کے شر کا کو بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے تمام صوبائی محکمے متحد ہوکر کام کر رہے ہیں،
سپیشل کورٹس کے قیام سمیت دیگر معاملات پر بھی ہم ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں، اوورسیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئر مین محمد وسیم رامے نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے کیے جانیوالے اقدامات کے بارے میں بتایا ، گور نر پنجاب نے کہا کہ سپیشل کورٹس میں اس بات کو بھی یقینی بنائیںگے کہ کورٹس میں اوورسیز پاکستانیوں کے کیسز سالوں نہ چلیں بلکہ ان کے فیصلوں کیلئے وقت کی حد بھی مقر رہوگی ، اوورسیز پاکستانی قوم کا سر مایہ اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر نا حکومت کی اولین تر جیح ہے ،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سمیت عدلیہ کا اوورسیز پاکستانیوں کو انصاف کی فراہمی کیلئے کردار قابل تحسین ہے،گور نر پنجاب نے ایڈیشنل چیف سیکرٹر ی پنجاب ارم بخاری اور محمد وسیم کی کار کردگی کو سراہا،
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آج (جمعرات) کو اوورسیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئر مین محمد وسیم رامے متعلقہ حکام کے ہمراہ سیکرٹری قانون سے ان کے دفتر میں ملاقات کر یں گے اور سپیشل کورٹس کے قیام سمیت دیگر اقدامات کے بارے معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی، چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان کی معاشی مضبوطی میں اوورسیز پاکستانیوں نے کورونا بحران کے باوجود جو کردار ادا کیا ہے ہمیں اس پر فخر ہے،
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق حکومت کا یہ دوٹوک فیصلہ ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ کسی قسم کے ظلم اور ناانصافی کو برداشت نہیں کیاجائے گا، انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ اور ماتحت عدلیہ میں اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات سننے کے لئے خصوصی طور پر کام ہورہا ہے تاہم سپیشل کورٹس کا قیام وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے،
چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو بر وقت انصاف کی فراہمی کیلئے قانون میں تر امیم سمیت تمام اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو کسی بھی فورم پر تنہا نہیں چھوڑ ے گی۔