لاہور۔25نومبر (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے اوورسیز پاکستانیوں کو بلدیاتی الیکشن میں ووٹ کے حق کے حصول کے لیے دائر درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے انٹرنیشنل لائرز ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر درخواست پرسوموار کو ابتدائی سماعت کی۔
درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ اظہر صدیق عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ لوکل گورنمنٹ الیکشن میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں دیا جو آئین اور قانون کے خلاف ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے قرار دیاکہ یہاں تو پاکستانیوں کو حقوق نہیں مل رہے، آپ بیرون ملک پاکستانیوں کے حقوق کے لیے آ گئے ہیں۔
عدالت نے وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔