اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا حل حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے،کمشنراوورسیزپاکستانیزکمیشن ثمن رائے

5

لاہور۔23جون (اے پی پی):کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب ثمن رائے نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا ہے۔چارج سنبھالنے کے فوری بعد انہوں نے اوورسیز کمیشن کے اعلی افسران سے تفصیلی محکمانہ بریفنگ لی،جس میں کمیشن کی موجودہ کارکردگی، زیر التوا کیسز، شکایات کے ازالے کے طریقہ کار اور اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش چیلنجز پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب ثمن رائے نے تمام متعلقہ شعبہ جات کو ہدایت کی کہ اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے فوری اور شفاف ازالے کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں

ان کے حقوق کا تحفظ اور ان کے مسائل کا بروقت حل ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے زیر التوا کیسز کی ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے اور تمام شکایتی پورٹلز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے جامع حکمت عملی کی منظوری دی۔ کمشنر نے افسران پر زور دیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے اعتماد کو بحال رکھنے کے لیے شفافیت، جوابدہی اور موثر رابطہ کو یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کوموجودہ شکایات کی تعداد اور ان کے حل کی شرح،اضلاع کی سطح پر اوورسیز کمیٹیوں کی کارکردگی،پراپرٹی ڈسپیوٹ، فیملی مسائل اور دیگر سماجی مسائل کی نوعیت، آن لائن کمپلینٹ سسٹم اور ٹریکنگ میکنزم اور وفاقی و صوبائی اداروں سے بین الربط کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب وزیراعلی مریم نواز کی قیادت میں بیرون ملک پاکستانیوں کو عزت، وقار اور انصاف کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔