اوورسیز پاکستانی قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، سید قمر رضا

173

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف)سید قمر رضا نے حکومت کی طرف سے کنونشن میں شرکت کرنے والے سمندر پار پاکستانیوں کا پرجوش استقبال کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانی قومی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کے حامل ہیں۔اتوار کو اپنے ایک انٹرویو میں چیئرمین او پی ایف نے بتایا کہ کنوینشن میں شرکت کیلئے 500 سے زائد پاکستانی پہلے ہی پہنچ چکے ہیں جبکہ 60 ممالک سے تقریباً 1078 سمندر پار پاکستانی اس تاریخی کنونشن میں شرکت کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کنوینشن کا انعقاد سمندر پار مقیم پاکستانیوں کو وزیر اعظم اور حکومتی حکام سے روابط کے فروغ کا ایک منفرد موقع فراہم کرے گا اور وہ اپنے تحفظات اور مسائل کے بارے میں براہ راست بات کر سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم ذاتی طور پر سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔انہوں نے صدر مملکت، وزیر اعظم اور چیئرمین سینیٹ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے ایک بل منظور کیا گیا جو اب قانون بن چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ نئے قانون کے تحت بیرون ملک جائیدادوں سے متعلق مسائل سننے کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کی گئی ہیں جن میں آن لائن ویڈیو سے منسلک سہولیات موجود ہیں جو سمندر پار پاکستانیوں کے لیے جائیداد کے تنازعات کو حل کرنے کا زیادہ قابل رسائی اور موثر ذریعہ فراہم کرتی ہیں۔

او پی ایف چیئرمین نے کہا کہ عدالت کے تیز رفتار طریقہ کار سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں اعتماد بحال ہوگا، جس سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوگا اور وہ باضابطہ ذرائع سے سرمایہ کاری اوراپنی ترسیلات وطن بھیجنے میں زیادہ پر اعتماد ہوں گے۔انہوں نے اس بات کو بھی سراہا کہ مختصر نوٹس کے باوجود بیرون ملک مقیم پاکستانی جوش و خروش سے کنونشن میں شرکت کر رہے ہیں، پاکستان کا سفر کر کے اور تحائف لے کر وطن سے اپنی محبت کا اظہار کر رہے ہیں، اپنے وطن سے اپنے مضبوط تعلق اور وابستگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال ترسیلات زر میں تقریباً 30 فیصد اضافہ ہوا ہے اور حکومت کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے تعاون سے آئندہ سالوں میں ترسیلات زر کو 60 ارب ڈالر تک بڑھانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال پہلی بار پاکستان کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے 36ارب ڈالر کی براہ راست ترسیلات موصول ہوئی ہیں۔چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا نے نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

انہوں نے پاکستان کی معیشت میں ان کے اضافی تعاون کی بھی تعریف کی۔انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ذاتی کاوشوں اور حمایت پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف اوروفاقی وزیر چوہدری وزیر سالک حسین سے بھی اظہار تشکر کیا ۔