اوپنرز نے بہترین بیٹنگ کرکے ہمارے لئے آسانی پیدا کی، فواد عالم

76

ہرارے ۔30اپریل (اے پی پی):قومی ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم نے کہا ہے کہ اوپنرز عمران بٹ اور عابد علی نے بہترین بیٹنگ کرکے مڈل آرڈر کے لئے آسانی پیدا کی، زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچ کی وکٹ بہت سلو ہے، رنز کرنا آسان نہیں ہے، بال وکٹ پر نہیں آرہا تھا، ہر گزرتے سیشن کے ساتھ پچ مزید سلو ہوتی جارہی ہے۔ جمعہ کو زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر بات کرتے ہوئے فواد عالم نے کہا کہ بال نیچے آرہی تھی لیکن ہم نے زیادہ سے زیادہ سکور کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ زمبابوے نے نیا بال دیر سے لیا جس کا ہم نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور آزادانہ سکور کئے۔

فواد عالم نے کہا کہ سارا کریڈٹ قومی ٹیم کے اوپنرز عمران بٹ اور عابد علی کو جاتا ہے جس طرح انہوں نے کھیلا اور نئے آنے والے بلے بازوں کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کی۔ فواد عالم نے کہا کہ اوپنرز نے تحمل سے سکور کو آگے بڑھایا جس سے ہمیں کھل کر کھیلنے میں مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ایک دن میں 300 رنز بنانے کا پلان تھا لیکن جب اظہر علی اور بابراعظم آئوٹ ہوگئے تو ہم پر تھوڑا دبائو تھا اس لئے ہم 25 رنز پیچھے رہے۔

انہوں نے کہا کہ سست ٹریک پر سکور کرنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے کیونکہ رنز ڈھونڈے کے لئے ہمیں گیپ پیدا کرنا پڑتا ہے لیکن مجموعی طور پر یہ ایک اچھا دن رہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اب بھی تین دن باقی ہیں اور ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز ہماری کوشش ہوگی کہ مزید 50 سے 100 رنز سکور کرلیں کہ ہمارے بائولرز کو اٹیک کرنے میں مدد ملے۔