اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں "ریسرچ اینڈ پریکٹسز اِن ایجوکیشن”کے موضوع پر دو روزہ آٹھویں بین الاقوامی کانفرنس 8 اور 9 اپریل کو منعقد ہو گی۔ اس سال کانفرنس کا تھیم "بدلتی دنیا کے لیے تعلیم کی اصلاح” مقرر کیا گیا ہے، جس کا مقصد تعلیم و تحقیق کے میدان میں جدید رجحانات کو فروغ دینا اور موجودہ عالمی چیلنجز کے تناظر میں تعلیمی نظام کو مؤثر بنانا ہے۔اتوار کواوپن یونیورسٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ کانفرنس دنیا بھر کے تعلیمی ماہرین، محققین، اساتذہ اور پالیسی سازوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرے گی جہاں وہ تعلیمی پالیسی، نصاب، تدریسی طریقہ کار اور تعلیمی تحقیق پر اپنے تجربات اور خیالات کا تبادلہ کریں گے۔
اس علمی اجتماع میں تعلیمی نظام کو نئی زندگی بخشنے والے جدید فریم ورک، پالیسیاں اور تدابیر زیرِ بحث آئیں گی۔کانفرنس میں ٹیکنالوجی کے کردار، تعلیم میں شمولیت، مساوات اور پائیداری کے فروغ پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ عمر بھر سیکھنے کی اہمیت پر زور دیا جائے گا تاکہ تیزی سے بدلتی دنیا میں افراد کو بااختیار بنایا جا سکے۔یہ بین الاقوامی کانفرنس تحقیق و تدریس کے درمیان مضبوط ربط پیدا کرنے، علمی تعاون کو فروغ دینے، اور ایک پائیدار، متوازن اور مستقبل شناس تعلیمی نظام کی تشکیل میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578794