اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی ایمپلائز ویلفئیر ایسوسی ایشن کے زیر انتظام اپنی مدد آپ کے تحت عمرہ سکیم کی قرعہ اندازی گذشتہ روز یونیورسٹی آڈیٹوریم میں منعقد کی گئی۔
قرعہ انداز ی میں 11 خوش نصیبوں کے نام نکلے۔ گریڈ 2 تا 16 کے 6 ملازمین میں عرفان احمد، فرمان علی، ارم ناز، ممتاز عالم، ریاست حسین اور محمد عنصر جبکہ گریڈ 17 سے 21 میں شاہ فرخ، زاہدہ پروین، شفیق احمد، آفتاب احمد اور نوید سلطانہ شامل ہیں۔قرعہ اندازی تقریب کی صدارت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کی۔ رجسٹرار راجہ عمر یونس، عمرہ کمیٹی کے چیئرمین/شعبہ داخلہ کے ڈائریکٹر سید ضیاء الحسنین نقوی، ایمپلائز ویلفئیر ایسوسی ایشن کے صدر یاسر محمود، سینئرنائب صدر صادق سومرو، جنرل سیکرٹری امجد رحمن و دیگر نمائندے بھی اس تقریب میں شریک تھے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود اور رجسٹرار راجہ عمر یونس نے تمام خوش نصیبوں کو سٹیج پر بلا کر مبارکباد دی اور پھولوں کے ہار پہنائے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے خوش نصیب ہیں، روضہ رسولﷺ کی زیارت انہیں نصیب ہوتی ہے جن کو بلاوا آتا ہے اور قبولیت کا وقت ہوتا ہے، آج نام نکلنے والے ملازمین کی قبولیت کا دن تھا۔وائس چانسلر نے انہیں نصیحت کی کہ مدینہ جاکر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور بالخصوص یونیورسٹی کی ترقی کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں۔ایسوسی ایشن کے صدر یاسر محمود نے کہا کہ عمرہ سکیم میں یونیورسٹی کے گریڈ 16 تک کے 533 ممبرز ہیں جبکہ 129 ممبرز آفیسرز گروپ سے ہیں، ممبرز کی کل تعداد 662 ہیں جن میں آج 11 خوش نصیبوں کے نام نکل آئے ہیں جبکہ 41 ممبرز پہلے ہی عمرہ کی سعاوت حاصل کر چکے ہیں۔