اوپن یونیورسٹی میں ’’قرض اور اسلامی علمیات‘‘ کے موضوع پر بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد

168
Allama Iqbal Open University

اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ’’قرض اور اسلامی علمیات‘‘ پرایک روزہ بین الاقوامی سیمینار منعقد ہوا۔ شعبہ اسلامی معاشیات جامعہ القصیم سعودی عرب کے پروفیسر ڈاکٹر توصیف ایزد کلیدی مقرر تھے جبکہ صدارت ڈین کلیہ عربی و علوم اسلامی پروفیسر ڈاکٹر شاہ محی الدین ہاشمی نے کی ۔ پروفیسر ڈاکٹر توصیف ایزد کا کہنا تھا کہ قرض صرف معاشی نہیں بلکہ ایک سنگین ذہنی، معاشرتی اور سماجی مسئلہ ہے۔

قرض ہر لحاظ سے سراسر ایک بوجھ ہے، یہ ایک ایسی بیماری ہے جو ایک دفعہ لگنے کے بعد جان نہیں چھوڑتی۔ ڈاکٹر توصیف کا کہنا تھا کہ قرضوں کی بڑھتی ہوئی شرح میں خواہشات کا بہت عمل دخل ہے، ہم لوگوں کو دیکھ کر اپنا طرز زندگی تبدیل کرنا چاہتے ہیں جس کی وجہ سے خود کو قرض کی دلدل میں دھکیل دیتے ہیں۔

اسلامی نقطہ نظر سے قرض پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر توصیف نے کہا کہ اسلام میں صرف قرض حسنہ کا تصور ہے اور اس کی اجازت بھی صرف بنیادی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہے ۔ ایک حدیث کا مفہوم پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو قرض میں ڈوبتا ہے وہ جھوٹ بولتا ہے اور وعدہ خلافی کرتا ہے۔ ڈین کلیہ عربی و علوم اسلامی پروفیسر ڈاکٹر شاہ محی الدین ہاشمی نے کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کا مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اوپن یونیورسٹی اسلامک فنانس پر توجہ دے رہی ہے ، اسلامک فنانس میں بی ایس پروگرام شروع کر دیا ہے، اگلے سال سے تحقیقی مجلہ بھی شروع کر رہے ہیں۔

انہوں نے سیمینار کے انعقاد میں تعاون و سرپرستی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ سیمینار یونیورسٹی میں جاری گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلے کی کڑی ہے ۔ سیمینار کا انعقاد شعبہ فکر اسلامی کی جانب سے کیا گیا تھا جبکہ میزبانی کے فرائض ڈاکٹر عبدالرحمان نے سرانجام دیئے۔