اوپن یونیورسٹی نے گل داؤدی کی نمائش میں تین انعامات کا اعزاز حاصل کرلیا

143

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے اسلام آباد کے روز اینڈ جاسمین گارڈن میں "گل داؤدی اور موسم خزاں کے پھولوں ” کی6تا 8دسمبر، 2024ء کو منعقدہ تین روزہ نمائش میں تین مختلف کیٹیگریز کے مقابلوں میں حصہ لیا جس میں یونیورسٹی نے دو کیٹاگریز میں پہلی جبکہ ایک کیٹا گری میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔نمائش کا اہتمام نیشنل ہارٹیکلچر سوسائٹی نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے)کے تعاون سے کیا تھا۔

گل داؤدی کے مختلف کیٹیگریز کے مقابلوں میں مختلف اداروں بشمول ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی، ڈاکٹر اے کیو خان ریسرچ لیبارٹریز کہوٹہ، اسلام آباد کلب، پاکستان ایئر فورس اسلام آباد، سی ڈی اے نرسری اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے حصہ لیا تھا۔وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹرناصر محمود نے اعزازات حاصل کرنے پر یونیورسٹی کے مالیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کو اپنے مالیوں پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پھولوں کی نمائش میں ہر سال انعامات جیت کر مالی یونیورسٹی کا نام فخر سے بلند کرتے ہیں۔ہارٹیکلچر آفیسر، سید وجیہ الحسن کے مطابق یونیورسٹی نے نمائش میں حصہ لینے کے لئے مختلف اقسام کے گل داؤی تیار کئے تھے۔وائس چانسلر نے مالیوں کی محنت کو سراہتے ہوئے مزیدکہا کہ یونیورسٹی کے مالیوں نے ہر قسم کے پودوں اور پھولوں سے یونیورسٹی کو سجایا ہے اور یونیورسٹی آنے والے طلبہ اور مہمان اِس خوبصورتی کی تعریف کرتے ہیں تو ہمارا سر فخر سے بلند ہوتا ہے۔