اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا جلسہ تقسیم اسناداسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں 31جنوری کو منعقد ہوگا۔اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور راولپنڈی ڈویژن(اٹک، چکلالہ، جہلم اور راولپنڈی)کے طلبہ شرکت کریں گے۔
تقریب میں نگران وفاقی وزرا، سیکرٹریز، وزارت تعلیم اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اعلیٰ عہدیداران، مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، ریکٹرز، یونیورسٹی کے چاروں ڈین، پروفیسرز، پرنسپل افسران و فیکلٹی ممبران، طلباء و طالبات کے علاوہ ملک کے نامور صحافی اور سماجی شخصیات شریک ہوں گی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ2024 یونیورسٹی کی گولڈن جوبلی کا سال ہے، ہم نے یونیورسٹی کی50ویں سالگرہ کو یادگار بنانے کے لئے رواں سال کو بھرپور انداز سے منانے کا فیصلہ کیا ہے، فارغ التحصیل طلبہ کو اس خوشی میں شامل کرنے کے لئے کانووکیشن منعقد کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی چیپٹر کا کانووکیشن 3مارچ کو ہوگا، لاہورمیں 28اپریل، کوئٹہ میں 19مئی جبکہ پشاور کا کانووکیشن9جون کو منعقدکیا جائے گا۔