اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے بی ایس(فیس ٹو فیس)،ایم ایس سی(آنرز)، ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں کے داخلوں کا شیڈول جاری کرکے تفصیلات ویب سائٹ پر فراہم کردی ہیں، ان تمام پروگراموں کے داخلے 15فروری تک جاری رہیں گے۔اِن پروگرامز کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں، اپلائی صرف اور صرف آن لائن موڈ کے تحت کیا جاسکتا ہے۔
بی ایس پروگرامز میں داخلے خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر دئیے جائیں گے جبکہ ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈ ی پروگرامزمیں داخلہ حاصل کرنے کے لئے انٹری ٹیسٹ پاس کرنا اور انٹرویو میں کامیابی لازمی ہے۔اِن پروگرامز کی کلاسسز اسلام آباد میں یونیورسٹی کے مین کیمپس میں منعقد ہوں گی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے داخلے کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کی پاسداری کو یقینی بنانے کی خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فیکلٹی آف ایجوکیشن کے ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں کے انٹری ٹیسٹ اور انٹرویوز 20فروری کو ہوں گے، فیکلٹی آف عربی و علوم اسلامیہ کے21 فروری، فیکلٹی آف سوشل سائنسز اینڈ ہومیونیٹیسز کے 22فروری جبکہ فیکلٹی آف سائنس کے پروگراموں کے انٹری ٹیسٹ اور انٹرویوز 23 فروری کو منعقد ہوں گے۔میرٹ لسٹیں ٹیسٹ، انٹرویوز کے دو ہفتے کے اندر یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر فراہم کی جائیں گی۔