اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں بورڈ آف ایڈوانس سٹڈیز اینڈ ریسرچ(بسر)کا 69واں اجلاس گذشتہ روز منعقد ہوا۔ نظامت و معاونت کا فریضہ بسرکے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹرارشاد احمد ارشد نے سرانجام دیا۔اجلاس میں یونیورسٹی کے چاروں فیکلٹیوں کے ڈینز، ممتاز سکالرز، سبجیکٹ سپیشلسٹس،سپروائزر اورہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس شریک تھے۔
اس سیشن میں پی ایچ ڈی کے 13طلبہ نے اپنے سائناپسز پیش کئے جس میں انگریزی کے 6، ریاضی 5،فزکس اورایجوکیشن کے ایک ایک طلبہ شامل تھے۔ سبجیکٹ سپیشلسٹس نے طلبہ کے سائناپسز اور اُن کے موضوعات کا باریک بینی سے جائزہ لیا، بعض سکالرز کے مقالوں کو منظور کیا گیا،دیگر طلبہ کو مقالہ جات بہتر بنانے کے لئے مزید وقت دیا گیا۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تحقیقی خاکہ موضوع کی حد تک جامع ہو جسے دیکھ کر موضوع شاندار نظر آئے، تحقیقی خاکوں میں معاشرتی مسائل زیر بحث لایا جائے اور ایسے موضوعات پر تحقیق کی جائے جس سے قوم کی اصلاح اور ترقی میں کردار ہو۔