اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹرخزاں 2024ء کے میٹرک اور ایف اے پروگرامز میں داخل طلبہ کو کتب کی ترسیل آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہے، میٹرک پروگرام میں 62ہزار جبکہ ایف اے پروگرام میں 74ہزار سےزیادہ طلباء و طالبات نے داخلہ لیا ہے۔ میلنگ سیکشن کے مطابق میٹرک اور ایف اے پروگرامزکے طلبہ کو کتب کی ترسیل رواں ہفتے میں مکمل کرلی جائے گی جبکہ بی اے میں داخل ہونے والے 90ہزا سے زیادہ طلبہ کو کتب کی ترسیل کا عمل آئندہ ہفتے شروع کردیاجائے گا۔
میٹرک اور ایف اے پروگرامز میں داخل ایسے طلبہ جن کو 20نومبر تک یونیورسٹی کی جانب سے ارسال کردہ کتابیں نہ ملیں وہ اپنے متعلقہ پوسٹ آفس یا یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر سے رابطہ کریں۔وائس چانسلر،پروفیسر ڈاکٹرناصر محمود نے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی طالب علم کی جانب سے تدریسی مواد لیٹ ہونے کی شکایت موصول نہ ہو۔