ڈیرہ مراد جمالی نمائندہ۔ 20 جنوری (اے پی پی):ڈیرہ مراد جمالی کے آفیسر کلب میں تیسرا اوچ 2 ڈویژنل انٹر کالجز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ 2024 کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی ۔ مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی مجیب الرحمن ساتکزئی تھے ۔تقریب میں اوچ پاور کے آفیسر ناصر خان ترین،ڈائریکٹر ایگریکلچر لسبیلہ کالج یونیورسٹی ڈیرہ مراد جمالی، فٹبال ایسوسی ایشن نصیرآباد کے جنرل سیکرٹری خان جان بنگلزئی،مختیار احمد جتک،ڈاکٹر غلام سرور بلوچ،سیکرٹری بیڈمنٹن عبدالمنان گرانی سمیت دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ٹورنامنٹ کے سیکرٹری عبدالمنان گرانی نے بتایا کہ تیسرے اوچ ٹو ڈویژنل کالجز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر تین کیٹیگریز میں 26 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ۔اوچ پاور کے آفیسر ناصر خان ترین نے کہا کہ ہر سال کی طرح اوچ پاور کی جانب سے سال 2024 کے آخر میں نصیرآباد میں کرکٹ اور فٹبال کے ڈویژنل سطح، کالجز اور اسکولز کی سطح پر مختلف ٹورنامنٹ منعقد کروائے جاچکے ہیں
اور آئندہ بھی اسپورٹس کی سرگرمیوں کو اوچ پاور کی جانب سے جاری رکھا جائے گا تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر مجیب الرحمٰن ساتکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوچ پاور کی جانب سے اسپورٹس مینوں کی مثبت سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لئے ایسے ٹورنامنٹ منعقد کرانا ایک بہترین اقدام ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسپورٹس سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ملک کے سفیر ہوتے ہیں جن کی بدولت ملک کا نام روشن ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اوچ پاور کے مینجمنٹ کے مشکور ہیں جنھوں نے ہمیشہ اسپورٹس کی سرگرمیوں میں دلچسپی لی اور اپنا تعاون جاری رکھا ہوا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=548751