اوکاڑہ ،تجاوزات آپریشن کے دوران سبزی و فروٹ منڈی کے متاثرہ افراد کے لیے ماڈل ریڑھی بازار قائم کر دیا گیا

86
اوکاڑہ ،تجاوزات آپریشن کے دوران سبزی و فروٹ منڈی کے متاثرہ افراد کے لیے ماڈل ریڑھی بازار قائم کر دیا گیا

اوکاڑہ۔ 24 فروری (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ کی جانب سے محبوب عالم چوک میں تجاوزات آپریشن کے دوران سبزی و فروٹ منڈی کے متاثرہ افراد کے لیے ماڈل ریڑھی بازار قائم کر دیا گیا۔تحصیل اوکاڑہ میں دوسرے ماڈل ریڑھی بازار کا افتتاح ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج اور ایم پی اے میاں محمد منیر نے کیا،

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابراہیم ارباب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حافظ محمد عمر طیب، اسسٹنٹ کمشنر احسن ممتاز سمیت انجمن تاجران کے نمائندے بھی موجود تھے۔ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی بحال کرنے کے لیے تجاوزات آپریشن کلیدی اہمیت کا حامل ہے

، اس سلسلہ میں ایک جانب تجاوزات کے خلاف آپریشن وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا احسن اقدام ہے تو دوسری جانب اس آپریشن سے متاثر ہونے والے ریڑھی بانوں کو متبادل جگہ پر شفٹ کر کے ریڑھیاں مہیا کرنا بھی حکومت پنجاب کا انتہائی خوش آئند فیصلہ ہے۔ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام سے تجاوزات آپریشن سے متاثرہ افراد کا احساس محرومی ختم ہوگا اور سبزی و فروٹ منڈی کے نزدیک ترین محبوب عالم چوک میں کام کا آغاز کرنے سے ان کے روزگار میں بہتری آئے گی۔

ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر نے کہا کہ ریڑھی بازار کے قیام سے انجمن تاجران کا درینہ مطالبہ پورا کر دیا گیا ہے اور یہ آپریشن سے متاثرہ طبقہ کے لیے خوشی کا پیغام ہے، اب غریب ریڑھی بان باعزت طریقے سے ریڑھی بازار میں کام کر سکیں گے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابراہیم ارباب نے کہا کہ حکومت پنجاب عوامی بہتری کی پالیسی پر گامزن ہے، اس سلسلہ میں فلاح عامہ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، جلد محبوب عالم چوک میں ریڑھی بازار کے لیے بزریعہ قرعہ اندازی 80 ریڑھیاں کامیاب افراد میں تقسیم کی جائیں گی۔