اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق سوئی کمپنیوں کی جولائی 2024 کے لئے ری گیسفائیڈ لیکوئڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کی قیمتوں کا تعین کر کے کمی کر دی ہے جس کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے ہوگا ۔ ترجمان اوگرا عمران غزنوی کے جاری بیان کے مطابق آر ایل این جی کی قیمتوں میں کمی بنیادی طور پر ڈی ای ایس کی قیمت میں کمی کی وجہ سے ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے صارفین کے لیے قیمتوں میں گزشتہ ماہ (جون 2024) کے مقابلے میں آر ایل این جی کی قیمت میں 8.44فیصد یا 1.2347 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یوکمی ہوئی ہے جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) صارفین کے لیے قیمتوں میں گزشتہ ماہ (جون 2024) کے مقابلے میں 1.2226 ڈالرفی ایم ایم بی ٹی یو یا 8.50 فیصد کمی ہوئی ہے۔اوگرا نے بدھ کو جاری اپنے نوٹیفکیشن میں ایس این جی پی ایل صارفین کے لیے آر ایل این جی کی اوسط فروخت کی قیمت 13.3902 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اور ایس ایس جی سی ایل صارفین کے لیے 13.1567 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ جون کے مہینے کے لئے ریگولیٹر نے ایس این جی پی ایل صارفین کے لئے آر ایل این جی ڈسٹری بیوشن قیمت14.6249ڈالر / ایم ایم بی ٹی یو اور ایس ایس جی سی ایل صارفین کے لئے 14.3797 ڈالر / ایم ایم بی ٹی یو کے طور پر نوٹیفائی کی تھی۔آر ایل این جی قیمتوں کا نوٹیفکیشن اوگرا ویب سائٹ پر موجود ہے۔