اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق سوئی کمپنیوں کی دسمبر 2024 کے لئے ری گیسیفائیڈ لیکوئڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کی قیمتوں کا تعین کر کےکمی کر دی جس کا اطلاق یکم دسمبر 2024 سے ہوگا ۔ ترجمان اوگرا عمران غزنوی کے جاری بیان کے مطابق آر ایل این جی کی قیمتوں میں کمی کی وجہ ڈیلیوری ایکس شپ (ڈی ای ایس ) میں کمی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے صارفین کے لیے قیمتوں میں گزشتہ ماہ ( نومبر 2024) کے مقابلے میں آر ایل این جی کی قیمت میں 2.72 فیصد یا 0.3612ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کمی ہوئی ہے جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) صارفین کے لیے قیمتوں میں گزشتہ ماہ ( نومبر 2024) کے مقابلے میں 0.2550 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو یا 1.99 فیصد کمی ہوئی ہے۔
اوگرا نے جمعہ کو جاری اپنے نوٹیفکیشن میں ایس این جی پی ایل صارفین کے لیے آر ایل این جی کی اوسط فروخت کی قیمت 12.8997 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اور ایس ایس جی سی ایل صارفین کے لئے 12.5456 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی ہے۔ترجمان نے کہا کہ نومبر کے مہینے کے لئے ریگولیٹر نے ایس این جی پی ایل صارفین کے لئے آر ایل این جی ڈسٹری بیوشن قیمت 13.2609ڈالر / ایم ایم بی ٹی یو اور ایس ایس جی سی ایل صارفین کے لئے12.8005 ڈالر / ایم ایم بی ٹی یو کے طور پر نوٹیفائی کی تھی۔
آر ایل این جی قیمتوں کا نوٹیفکیشن اوگرا ویب سائٹ پر موجود ہے۔