اوگرا نےستمبر 2024 کےلئےآر ایل این جی کی قیمتوں میں کمی کر دی

123
Ogra
Ogra

اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق سوئی کمپنیوں کی ستمبر 2024 کے لئے ری گیسیفائیڈ لیکوئڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کی قیمتوں کا تعین کر کےکمی کر دی جس کا اطلاق یکم ستمبر 2024 سے ہوگا ۔

ترجمان اوگرا عمران غزنوی کے جاری بیان کے مطابق آر ایل این جی کی قیمتوں میں کمی کی وجہ ڈیلیوری ایکس شپ (ڈی ای ایس ) میں کمی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے صارفین کے لیے قیمتوں میں گزشتہ ماہ ( اگست 2024) کے مقابلے میں آر ایل این جی کی قیمت میں 1.07 فیصد یا0.1505ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کمی ہوئی ہے جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) صارفین کے لیے قیمتوں میں گزشتہ ماہ ( اگست 2024) کے مقابلے میں 0.1568 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو یا 1.15 فیصد کمی ہوئی ہے۔

اوگرا نے جمعرات کو جاری اپنے نوٹیفکیشن میں ایس این جی پی ایل صارفین کے لیے آر ایل این جی کی اوسط فروخت کی قیمت 13.8560 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اور ایس ایس جی سی ایل صارفین کے لئے 13.4205 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اگست کے مہینے کے لئے ریگولیٹر نے ایس این جی پی ایل صارفین کے لئے آر ایل این جی ڈسٹری بیوشن قیمت 14.0065 ڈالر / ایم ایم بی ٹی یو اور ایس ایس جی سی ایل صارفین کےلئے 13.5773 ڈالر / ایم ایم بی ٹی یو کے طور پر نوٹیفائی کی تھی۔آر ایل این جی قیمتوں کا نوٹیفکیشن اوگرا ویب سائٹ پر موجود ہے۔