اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق سوئی کمپنیوں کی نومبر 2024 کے لئے ری گیسیفائیڈ لیکوئڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کی قیمتوں کا تعین کر کے اضافہ کر دیا ہے جس کا اطلاق یکم نومبر2024 سے ہوگا ۔
ترجمان اوگرا عمران غزنوی کے جاری بیان کے مطابق آر ایل این جی کی قیمتوں میں بنیادی طور پراضافہ ڈیلیوری ایکس شپ (ڈی ای ایس ) کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے ہوتاہے۔انہوں نے بتایا کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے صارفین کے لیے قیمتوں میں گزشتہ ماہ ( اکتوبر 2024) کے مقابلے میں آر ایل این جی کی قیمت میں 2.49 فیصد یا 0.3216 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ ہواہے جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) صارفین کے لیے قیمتوں میں گزشتہ ماہ ( اکتوبر 2024) کے مقابلے میں0.3346ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو یا 2.68 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اوگرا نےجمعہ کو جاری اپنے نوٹیفکیشن میں ایس این جی پی ایل صارفین کے لیے آر ایل این جی کی اوسط فروخت کی قیمت 13.2609ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اور ایس ایس جی سی ایل صارفین کے لئے12.8005 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی ہے۔ترجمان نے کہا کہ اکتوبرکے مہینے کے لئے ریگولیٹر نے ایس این جی پی ایل صارفین کے لئے آر ایل این جی ڈسٹری بیوشن قیمت 12.9393 ڈالر / ایم ایم بی ٹی یو اور ایس ایس جی سی ایل صارفین کےلئے 12.4659 ڈالر / ایم ایم بی ٹی یو کے طور پر نوٹیفائی کی تھی۔آر ایل این جی قیمتوں کا نوٹیفکیشن اوگرا ویب سائٹ پر موجود ہے۔