اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا ) نے وفاقی حکومت کی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق یکم دسمبر سے ایل پی جی کے 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 45.18 روپے اضافہ کا اعلان کر دیا ۔ ترجمان اوگرا عمران غزنوی کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یکم دسمبر سے ایل پی جی کی قیمت میں 3.82 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے۔
اوگرا نے ایل پی جی 3.82 فی کلو،گھریلو سلنڈر 45.18 روپے جبکہ 45.4 کلو گرام کے کمرشل سلنڈرکی قیمت میں 173.5 روپے اضافہ کیا ہے۔ ترجمان اوگرا کے مطابق ایل پی جی پروڈیوسر کی قیمت سعودی آرامکو-سی پی اور امریکی ڈالر کی شرح تبادلہ سے منسلک ہے۔ گزشتہ ماہ کے مقابلے میں سعودی آرامکو-سی پی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے تاہم ڈالر کی اوسط شرح تبادلہ میں 1.87 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایل پی جی صارفین کی قیمت میں 45.18 روپے فی 11.8 کلوگرام سلنڈر (1.5 فیصد) کا اضافہ ہوا ہے۔
ایل پی جی صارفین کی قیمت میں فی کلو اضافہ 3.82 روپے ہے جس کے بعد اب ایل پی جی 251 روپے فی کلوکی جگہ 254.82 روپے فی کلو، گھریلو سلنڈر 2962 روپے کی جگہ 3007.35 روپے اور کمرشل سلنڈر11396 روپے کی جگہ11569 روپے ملک بھر میں دستیاب ہو گی۔ایل پی جی کی قیمت کا نوٹیفکیشن اوگرا کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ واضح رہے کہ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمتوں کا نفاذ یکم دسمبر سے کردیا گیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415418