اوگرا نے مارچ 2024 کیلئےآر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا

81
Ogra
Ogra

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق سوئی کمپنیوں کی مارچ 2024 کے لئے ری گیسفائیڈ لیکوئڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کی قیمتوں کا تعین کر کے اضافہ کر دیا ہے جس کا اطلاق یکم مارچ 2024 سے ہوگا ۔ ترجمان اوگرا عمران غزنوی کے جاری بیان کے مطابق آر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سپلائی کی لاگت میں اضافہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے صارفین کے لیے قیمتوں میں گزشتہ ماہ (فروری 2024) کے مقابلے میں آر ایل این جی کی قیمت میں 2.58 فیصد یا 0.3220 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ ہوا ہے جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) صارفین کے لیے قیمتوں میں گزشتہ ماہ (فروری 2024) کے مقابلے میں میں 0.0979 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو یا 0.76 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اوگرا نے بدھ کو جاری اپنے نوٹیفکیشن میں ایس این جی پی ایل صارفین کے لیے آر ایل این جی کی اوسط فروخت کی قیمت 12.8142 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اور ایس ایس جی سی ایل صارفین کے لیے 13.0563 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ فروری کے مہینے کے لئے ریگولیٹر نے ایس این جی پی ایل صارفین کے لئے آر ایل این جی ڈسٹری بیوشن قیمت 12.4922 ڈالر / ایم ایم بی ٹی یو اور ایس ایس جی سی ایل صارفین کے لئے 12.9584 ڈالر / ایم ایم بی ٹی یو کے طور پر نوٹیفائی کی تھی۔آر ایل این جی قیمتوں کا نوٹیفکیشن اوگرا ویب سائٹ پر موجود ہے۔