اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا ) نے ایل پی جی کے 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 117.47روپے کمی کا اعلان کردیا ۔ اوگرا کی جانب سے منگل کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یکم نومبر سے ایل پی جی کی قیمت میں 10روپے فی کلوکمی کردی گئی۔ اوگرا نے ایل پی جی10روپے فی کلو،گھریلو سلنڈ 117روپے اور کمرشل سلنڈرکی قیمت452روپے کمی کردی۔
اوگرا کے مطابق سرکاری پیداواری قیمت میں 8437 روپے فی میٹرک ٹن کمی ہوئی ہے جس کے بعد اب ایل پی جی261روپے فی کلوکی جگہ251روپے فی کلو، گھریلو سلنڈر3080روپے کی جگہ2962روپے اور کمرشل سلنڈر11849 روپے کی جگہ11397 روپے ملک بھر میں دستیاب ہو گی۔انٹرنیشنل مارکیٹ میں قیمت میں اضافے کے باوجود ایل پی جی کی قیمت میں کمی ڈالر کی قیمت کنٹرول کرنے کے باعث ایل پی جی کی قیمت میں کمی واقع ہوئی۔
اوگرا نوٹیفکیشن کے مطابق اکتوبر میں ایل پی جی کے 11.8کلوگرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 3079.64 روپے تھی جبکہ یکم نومبر سے مقررہ نئی قیمت کے مطابق 117.47 روپے کی کمی کے ساتھ گھریلو سلنڈر کی قیمت 2962.17 روپے مقرر کی گئی ہے۔واضح رہے کہ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمتوں کا نفاذ یکم نومبر سے کردیا گیا ہے ۔