اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)نے ریٹیل آؤٹ لیٹس پر صارفین اور آپریشنل سیفٹی کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا، جس میں پیٹرول پمپس پر حادثات اور نقصانات میں کمی کے لیے حفاظتی اقدامات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ ترجمان اوگرا عمران غزنوی نے بتایا کہ جمعرات کو ہونے والے سیمینار میں ڈی جی آئل اور ڈی جی ایکسپلوژو کے ہمرا ہ دیگر سرکاری افسران نے شرکت کی ۔سیمینار کا بنیادی مقصد ریٹیل آؤٹ لیٹس پر ممکنہ حفاظتی خطرات اور معیاری آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عمل درآمد کی ضروریات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔
اس صنعت سے وابستہ ماہرین نے ناکافی حفاظتی اقدامات سے منسلک خطرات اور صارفین کی حفاظت کو یکسرنظر انداز کرنے کے نتائج کے بارے میں بصیرت افروز گفتگو کے ساتھ اپنے خیالات کابرملا اظہار کیا۔اس موقع پرپاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے)،پی ایس او، شیل، ٹوٹل، ایس جی ایس اور حسن حبیب کے ماہرین شامل تھےجنہوں نے تفصیلی پریذنٹیشنزدیں۔ مزید برآں آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی)، آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن پاکستان (او ایم اے پی)، اٹک پٹرولیم لمیٹڈ اور آئل پاکستان لمیٹڈ کے ماہرین کا ایک پینل بھی تقریب میں شامل تھا۔
چیئرمین اوگرا اور اتھارٹی ممبران نے ریٹیل آؤٹ لیٹس پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس موضوع کی خصوصی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ایسے ناگہانی واقعات کو کم سے کم کرنے اور صارفین کے لیے محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے لیے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
تمام شرکا نے آئل انڈسٹری میں حفاظتی خطرات سے نمٹنے کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے سیمینار کے انعقاد پر اوگرا کی بھرپورتعریف کی۔ اس تقریب کو انڈسٹری کے تحفظ اور صارفین کو ممکنہ خطرات سے بچانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا گیا۔تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے با حفاظت اور زیادہ محفوظ ماحول کو یقینی بناتے ہوئے صارفین اور آپریشنل سیفٹی کو ترجیح دینے کے عزم کے ساتھ سیمینار اختتام پذیر ہوا۔