اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مقامی انتظامیہ کے تعاون سے مارچ 2025 میں لاہور کے نواحی علاقوں میں واقع ایل پی جی اسٹوریج ٹینکس، باؤزرز اور سلنڈر تیار کرنے والی فیکٹریوں کا معائنہ کیا۔ترجمان او جی ڈی سی ایل کےمطابق معائنے کے دوران تین ایل پی جی مصنوعات تیار کرنے والی فیکٹریوں کا معائنہ کیا گیا، جن میں ایلیٹ میٹل ٹیک (پرائیویٹ) لمیٹڈ، ہائی ٹیک مینوفیکچرنگ (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور یونیک میٹل انجینئرنگ سروسز لمیٹڈ شامل ہیں۔
اس دوران، ضرورت سے بڑے ایل پی جی باؤزرز کی تیاری، اہم سیفٹی سسٹمز کی عدم موجودگی،سائٹ پر غیر لائسنس یافتہ باؤزرز کی موجودگی اور ڈپٹی کمشنر اور سول ڈیفنس اتھارٹیز سے رجسٹریشن کے بغیر آپریشنز سمیت مختلف ٹیکنیکل اور سیفٹی سٹینڈرڈزکی خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا۔
ان خلاف ورزیوں کے باعث ہائی ٹیک مینوفیکچرنگ (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور یونیک میٹل انجینئرنگ سروسز لمیٹڈ ،دونوں فیکٹریوں، کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیل کر دیا گیا ہے۔اتھارٹی قابل اطلاق قوانین کے تحت فیکٹریوں کی جانب سے کی گئی خلاف ورزیوں کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے ریگولیٹری کارروائیاں عمل میں لارہی ہے، جس کے نتیجے میں غیر قانونی اور ناقص ایل پی جی مصنوعات بنانے والے اداروں ؍فیکٹریوں کو لائسنس کی منسوخی یا فہرست سے اخراج جیسے اقدامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اوگرا غیر محفوظ، غیر معیاری اور غیر مجاز مینوفیکچرنگ سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔اوگرا کی جانب سے ملک بھر میں وقتاً فوقتاً معائنوں کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ ایل پی جی مصنوعات کی تیاری میں حفاظتی معیارات اور قانونی تقاضوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔