اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):حکومت نے گھریلو صارفین ، خصوصی روٹی تندور، جنرل انڈسٹری (پروسیس)، کمرشل، سی این جی، سیمنٹ، فرٹیلائزر اور پاور سمیت دیگر تمام صارف طبقات کے لیے گیس کی فروخت کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں کی ہے۔
ترجمان اوگرا کی طرف سے اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی حکومت نے اوگرا کی جانب سے ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی ایل کی مالی سال 2024-25 کے لیے محصولات کی تخمینہ ضرورت کے جائزے کے جواب میں گیس کی فروخت کی قیمتوں کے حوالے سے ایڈوائس جاری کر دی ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ یکم فروری 2025 سے جنرل انڈسٹری (کیپٹو)کے لئے گیس کی فروخت کی قیمت 3000 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے بڑھا کر 3500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کی گئی ہے۔ گھریلو صارفین، خصوصی روٹی تندور، جنرل انڈسٹری (پروسیس)، کمرشل، سی این جی، سیمنٹ، فرٹیلائزر اور پاور سمیت دیگر تمام کنزیومر کیٹیگریز کے لیے گیس کی فروخت کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
اس نظر ثانی شدہ قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن سرکاری گزٹ میں اشاعت کے لئے جاری کر دیا گیا ہے اور اوگرا کی ویب سائٹ www.ogra.org پر بھی دستیاب ہے۔