ماسکو۔3دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی(پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری کی روس کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ رومان اسٹارووائٹ سے ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ روابط کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ یہ روابط نہ صرف پاکستان اور روس بلکہ پورے خطے کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔
پاور ڈویژن کی جانب سے منگل کو جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن)سردار اویس احمد خان لغاری ماسکو میں پاکستان روس بین الحکومتی کمیشن کے 9ویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کے لئے موجود ہیں۔ اویس لغاری نے پاکستان اور روس کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کو سراہتے ہوئے انہیں پورے خطے کے لئے فائدہ مند قرار دیا۔ دونوں رہنماؤں نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں دو طرفہ تعاون کے تمام منصوبوں، بشمول سڑک، ریل اور فضائی رابطوں کا جائزہ لیا۔
وزیر اویس لغاری نے روسی وزیر اسٹارووائٹ کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ دونوں فریقین نے رابطوں کو جاری رکھنے اور تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔