او آئی سی سیکریٹریٹ کی مکہ ریجن کی طرف ڈرون حملے کی کوشش کی مذمت
او آئی سی سیکریٹریٹ کی مکہ ریجن کی طرف ڈرون حملے کی کوشش کی مذمت

مزید خبریں
جدہ۔16ستمبر (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے جنرل سیکریٹریٹ نے مکہ ریجن کی طرف ڈرون حملوں کی کوشش اور سعودی عرب کے خلاف جاری جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ کے مطابق ان حملوں سے بے گناہ شہریوں میں خوف و ہراس پھیلتا ہے، مقدس مقامات اور مساجد کی حرمت پامال ہوتی ہے اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔جنرل سیکریٹریٹ نے کہا کہ مقدس مقامات، مساجد اور شہری بنیادی ڈھانچے کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی کے زمرے میں آتی ہیں، جو اسلامی اقدار کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی اصولوں، ضوابط اور قانون سے بھی متصادم ہیں۔
بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ مقدس مقامات کی حرمت کی خلاف ورزی ناقابل قبول اور ناقابل برداشت اقدام ہے۔ ایسے اقدام کو روکنے اور ہر اس شخص کی راہ مسدود کرنے کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں جو ان مقدس مقامات کی حرمت پامال کرنے کی جسارت کرے۔بیان میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مقدس مقامات کی حرمت، مسلمانوں کی جانوں کے تحفظ اور سعودی عرب کی سلامتی و خودمختاری کے دفاع کے لیے مملکت کی جانب سے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کی حمایت کا اعادہ کیا گیا ہے۔







