اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 20 وزراء خارجہ اور 10 نائب وزراء خارجہ کی او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت پاکستان کی بڑی کامیابی ہے،437وفود پاکستان میں منعقدہ اس تاریخی اجلاس میں شریک ہو ئے،پیر کو او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے حوالے سے اہم بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں سرخرو کیا اور ملک کو عزت وکامیابی عطا فرمائی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کیلئے ٹرسٹ فنڈ کے قیام میں کامیاب ہوگئے اور افغانستان کے بینکنگ سسٹم کی بحالی سے متعلق قرارداد لائے،یہ بہت بڑی پیشرفت ہے ، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب نے ملکر کردار ادا کیا۔
وزیر خارجہ نے دفتر خارجہ کے ساتھ تعاون کرنے والے تمام اداروں اور ان سے متعلقہ شخصیات کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مسئلہ طالبان کا نہیں،مسئلہ 38ملین افغان عوام کا ہے،افغان عوام بھوک اور قحط کا سامنا کر رہے ہیں،افغانستان کو ادویات،خوراک، کی فوری ضرورت ہے،تنخواہ دینے کے پیسے ہوں گے تو سکولز بھی چلیں گے،اتنے ممالک کے نمائندگان کا پاکستان آنا بہت بڑی پیشرفت ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی، سینیٹ اور افواج پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔دفتر خارجہ کے عملہ نے محنت کرکے کانفرنس کو کامیاب بنایا،پاکستان اور غیر ملکی میڈیا جنہوں نے اس غیر معمولی اور تاریخی اجلاس کو رپورٹ کیا کا بھی مشکور ہیں ،دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو اقوام عالم میں ہمیشہ سرخرو رکھے۔