او آئی سی وزرائے خارجہ کامیاب اجلاس نے خطے میں امن کے پاکستان کے موقف کو واضح کر دیا ہے،وزیر مملکت علی محمد خان

61

اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ کے کامیاب اجلاس نے خطے میں امن کے پاکستان کے موقف کو واضح کر دیا ہے اور دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، یہ وزیراعظم عمران خان کی مخصانہ کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ پاکستان کو 41 برس بعد او آئی سی وزرائے خارجہ غیرمعمولی اجلاس کی میزبانی کا شرف حاصل ہوا۔

ریڈیو پاکستان کرنٹ افیئر پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں اسلامو فوبیا، رحمتہ للعالمین، فلسطین اور کشمیر کے مسائل پر بات کی۔

علی محمد خان نے کہا کہ اسلامی ممالک کے وفود نے افغان مسئلہ پر پاکستان کے موقف کو سراہا اور او آئی سی نے افغانستان میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران کو کم کرنے کیلئے متعدد اقدامات کی تجویز دی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فنانشل چینلز کی غیرموجودگی کی وجہ سے ڈونرز کیلئے افغانستان کو ریلیف رقم بھیجنا مشکل ہے تاہم افغان عوام کی مالی معاونت کیلئے کوئی راستہ تلاش کر لیا جائے گا۔