او آئی سی کے خصوصی ایلچی برائے جموں و کشمیر اور اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل کا اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ایل او سی کے چیریکوٹ سیکٹر کا دورہ

91
آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر

راولپنڈی۔10نومبر (اے پی پی):او آئی سی کے خصوصی ایلچی برائے جموں و کشمیر ایمبیسیڈر یوسف الدوبے اور اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل ایمبیسیڈر طارق علی بکیت نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ایل او سی کے چیریکوٹ سیکٹر کا دورہ کیا۔ وفد میں برادر مسلم ممالک سعودی عرب، مراکش، سوڈان اور مالدیپ کے 5 سینئر سفارت کار بھی شامل تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق وفد کو ایل او سی پر سیکیورٹی کی تازہ ترین صورتحال اور ڈائریکٹر جنرلز ایم او کی انڈرسٹینڈنگ سے پہلے اور بعد کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ وفد کو بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی بحران اور بھارتی مظالم پر بریفنگ دی گئی۔

مندوبین نے بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی بلا اشتعال خلاف ورزیوں کے متاثرین سے بھی بات چیت کی۔ بعد ازاں وفد مظفرآباد پہنچا جہاں انہوں نے صدر آزاد جموں و کشمیر سے ملاقات کی اور تازہ ترین صورتحال کے بارے میں باضابطہ تبادلہ خیال کیا۔

وفد نے علاقے کے شہریوں سے بھی بات چیت کی۔ علاوہ ازیں 11 نومبر کو مندوبین پناہ گزینوں کے کیمپ اور ووکیشنل ٹریننگ سنٹر کا دورہ کریں گے۔ بعد ازاں، وفد مظفرآباد میں اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ انڈیا اور پاکستان – UNMOGIP سے ملاقات کرے گا۔ وفد وزیراعظم آزاد کشمیر اور آزاد جموں و کشمیر کی پارلیمنٹ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کرے گا۔