او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل اور جی ایچ پی ایل کے کوپ 28 میں ڈ ی کاربونائزیشن چارٹر پر دستخط

119
او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل اور جی ایچ پی ایل کے کوپ 28 میں ڈ ی کاربونائزیشن چارٹر پر دستخط

اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):ملک کی ممتاز ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن (ای اینڈ پی) کمپنیاں،آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ(او جی ڈی سی ایل)، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ(پی پی ایل)اور گورنمنٹ ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ(جی ایچ پی ایل) ماحولیاتی تحفظ کے لئے مل کر کام کریں گی۔

دبئی میں منعقدہ اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ۔28) میں ان ای اینڈ پی کمپنیوں نے پاکستان پویلین میں عالمی سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کانفرنس اور نمائش میں بھرپور حصہ لیا۔کانفرنس کے دوران او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل اور جی ایچ پی ایل نے ایک اہم چارٹر پر دستخط کئےجس میں حیاتیاتی ایندھن کو کم کرنے اور ڈ ی کا ربونائزیشن کو آگے بڑھانے کے لئے اپنی اجتماعی لگن پر زور دیا۔

یہ معاہدہ ای اینڈ پی سیکٹر کی کاروباری سرگرمیوں کو عالمی پائیداری کے اہداف کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے، تعاون کا مقصد زیادہ پائیدار اور ماحولیاتی طور پر باخبرتوانائی کے منظر نامے کی طرف منتقل کرناہے۔ پاکستان پویلین نے ”پاکستان کا اپ اسٹریم پیٹرولیم سیکٹر اور ڈ ی کا ربونائزیشن“کے عنوان سے ایک پینل مباحثہ کی میزبانی کی۔

نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ اور او جی ڈی سی ایل کے تعاون سے وزارت موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی کوآرڈینیشن کے زیر اہتمام اس تقریب میں او جی ڈی سی ایل کے ایم ڈی / سی ای او،احمد حیات لک، پی پی ایل کے ایم ڈی/سی ای اوعمران عباسی، ایم پی سی ایل کے ایم ڈی/سی ای او فہیم حیدراورجی ایچ پی ایل کے ایم ڈی/سی ای اومسعود نبی سمیت ممتاز پینلسٹ شامل تھے۔اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی محمد علی بھی موجود تھے۔