اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ا جلاس پیر کویہاں منعقد ہوا جس میں 31 مارچ2024 کوختم ہونے والی مدت کے مالیاتی نتائج کی منظوری دی گئی۔ او جی ڈی سی ایل کی مالی سال 24۔2023 کے پہلے 9ماہ میں نیٹ سیلز مبلغ348.164 ارب روپے رہی جبکہ اسی عرصے کے دوران بعداز ادائیگی ٹیکس کمپنی کا خالص منافع مبلغ 171.104 ارب روپے رہا اور فی شیئر آمدنی39.78 روپے رہی۔
علاوہ ازیں بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 2.00 روپے فی شیئر تقریباً20 فیصد عبوری منافع دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔ یہ ڈیویڈنڈپہلے سے ادا شدہ ڈیویڈنڈ 4.1 روپے فی شیئر تقریباً41 فیصدکے علاوہ ہے۔ اس منافع کی ادائیگی ان حصص یافتگان کو کی جائے گی جن کے نام ممبران کے رجسٹر میں 09 مئی 2024 کو موجود ہونگے۔ مذکورہ سہ ماہی کے دوران او جی ڈی سی ایل نے68.497 ارب روپے قومی خزانے میں ٹیکس کی مد میں جمع کرائے اور کمپنی نے ایکسپلوریشن اور ڈویلپمنٹ کے شعبے میں نمایاں اضافہ کیا۔
او جی ڈی سی ایل نے سیسمک اور ڈرلنگ کی سرگرمیوں میں بھی شاندار اضافہ کیا۔ کمپنی کے حصص کی منتقلی 10مئی2024 سے 13 مئی2024 (دونوں دنوں سمیت) تک بند رہیں گی۔بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کمپنی کی طرف سے ایکسپلوریشن پروگرام کیلئے مؤثر اقدامات کرنے پرانتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔